سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھینا جانا انتہائی شرمناک ہے،عمران خان
بھارت میں نازی نظریے سے متاثر آرایس ایس ، بی جے پی حکومت موجود ہے،ٹویٹ
اسلام آباد ( ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 92سالہ کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کا جسد خاکی چھینا جانا انتہائی شرمناک ہے۔ اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ اقدام بھارت کے فاشزم کا شکار ہونے کی ایک اور مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں نازی نظریے سے متاثر آرایس ایس ، بی جے پی حکومت موجود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ92سالہ انتہائی معزز اور اصول پسند کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کا جسد خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہلخانہ کے کیسز کا اندراج بھارت کا انتہائی شرمنا ک اقدام ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ بھارتی اخبار بھی خبر کا لنک بھی شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی پولیس نے سید علی شاہ گیلانی کے اہلخانہ اور دیگر افراد کے خلاف بھارت مخالف نعرے لگانے اور سید علی گیلانی کی میت پر پاکستانی پرچم آویزاں کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ مقدمہ بڈگام پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا ۔