پاکستان میں تاجک تاجروں سے ہر ممکن تعاون کریں گے، عمران خان
پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے، کاسا 1000 توانائی منصوبے سے ہمیں بھی تاجکستان کی بجلی سے فائدہ پہنچے گا
پاکستان تاجکستان بزنس فورم میں تجارت کوفروغ دینے سے متعلق بات ہوگی، دو طرفہ تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا
پاک تاجک تجارت کیلئے افغانستان میں امن کاقیام ضروری ہے ، تاجک صدر اور میں مل کر افغان امن کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے
وزیر اعظم کا دوشنبے میں پاکستان تاجکستان مشترکہ بزنس فورم سے خطاب
دوشنبے (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہرقسم کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا دونوں ملکوں میں تجارت سے فائدہ ہوگا، پاکستان کی تاجر برادری تاجک کاروباری طبقے کو مدعو کرے گی، پاکستان میں ان کی آمد سے صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور اس ضمن میں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔دوشنبے میں پاکستان تاجکستان مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بزنس فورم کا مقصد دونوں ممالک تاجروں کے درمیان روابط پیدا کرنا ہے، ہمارے ساتھ 67 کمپنیاں ہیں جو مختلف شعبوں میں کام کررہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ تاجکستان میں سستی، صاف ستھری ہائیڈرالک بجلی سستی ہے لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے بجلی بہت مہنگی ہے، امید کرتے ہیں کہ کاسا 1000 توانائی منصوبے سے ہمیں بھی تاجکستان کی بجلی سے فائدہ پہنچے گا، پاکستان تاجکستان بزنس فورم میں تجارت کوفروغ دینے سے متعلق بات ہوگی، دو طرفہ تجارت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں تاجر برادری کو درپیش متعدد مسائل دور کردئیے ہیں اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فعال اور ان کے لیے بہتر حالات پیدا کرنے کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں کئی سال کے تنازع کے بعد امن قائم ہو گا، پاک تاجک تجارت کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ضروری ہے تاکہ نقل و حمل بہتر ہوسکے، تاجک صدر اور میں مل کر افغان امن کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ، خصوصا دو بڑی برادریوں پشتون اور تاجک کو قریب لانے اور مخلوط حکومت کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔