ٹارگٹڈ سبسڈیز سے مہنگائی کے مسئلے پر قابو پائیں گے، عمران خان
معلوم ہے مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام تکلیف میں ہیں،امید ہے د نیا میں اجناس کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں بھی کم ہوں
ملک پر مالی خسارے اور قرضوں کی وجہ سے کافی دبائو ہے، ہم نے اپنی طرف سے غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا ہے
ماضی میں غلط معاشی پالیسیاں اختیار کی گئیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے سے ترقی کے راستے پر چل نکلیں گے
وزیراعظم کا کامیاب پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ٹارگٹڈ سبسڈیز سے مہنگائی کے مسئلے پر قابو پائیں گے ، معلوم ہے مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام تکلیف میں ہیں، ماضی میں غلط معاشی پالیسیاں اختیار کی گئیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے سے ہم ترقی کے راستے پر چل نکلیں گے،ریاست مدینہ کا ماڈل ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔اسلام آباد میں کامیاب پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ 74 سال قبل بڑی غلطی کی کہ ہم سمجھتے تھے کہ جب ہمارا ملک خوشحال ہوجائے، ہمارے پاس پیسہ آجائے پھر پاکستان کو فلاحی ریاست بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کے پہلے ہمارے پاس پیسہ اکٹھا ہوگا، ملک میں سرپلس ہوگا تو ہم غریبوں پر لگائیں گے، یہ غلط فیصلے تھے، میں ریاست مدینہ کی اس لیے بات کرتا ہوں کیوں کہ وہ دنیا کی تاریخ کا سب سے کامیاب ماڈل تھا اس کے نتائج تاریخ کا حصہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مدینہ میں پہلے فلاحی ریاست بنائی گئی تھی پھر پیسہ آیا تھا پھر خوشحالی آئی تھی، یہ خیال بالکل غلط ہے کہ پہلے پیسہ آیا تھا پھر انہوں نے نچلے طقبے کو منتقل کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے سے ہم ترقی کے راستے پر چل نکلیں گے،