قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ادارے مضبوط کرنے ، آفات کی روک تھام اور تیاری سے متعلق آگاہی پیداکرنے کی ضرورت ہے
صدر عارف علوی کا 08 اکتوبر ، قومی یومِ استقامت پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پا کستان کے لوگوں نے ہمت اور استقامت سے قدرتی آفات کا سامنا کیا،قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ادارے مضبوط کرنے ، آفات کی روک تھام اور تیاری سے متعلق آگاہی پیداکرنے کی ضرورت ہے ۔صدر عارف علوی نے 08 اکتوبر ، قومی یومِ استقامت پر قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ استقامت پر آزاد جموں و کشمیر ، خیبر پختونخوا ، اسلام آباد کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، 08 اکتوبر 2005 کے زلزلے میں انہوں نے اپنے اعزا و اقارب کو کھو یا، تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں انسانی جانیں ضائع ہوئیں ، لوگوں کے روزگار متاثر ہوئے ، ملک کے صحت ، تعلیم اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے ہمت اور استقامت سے قدرتی آفات کا سامنا کیا ، ہم ایک ایسے خطے میں رہتے ہیں جہاں قدرتی آفات کا خطرہ ہے ، ہمیں ادارے مضبوط کرنے ، آفات کی روک تھام اور تیاری کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے زلزلے ، لینڈ سلائیڈنگ اور حالیہ شہری سیلاب کی صورت میں متعدد قدرتی آفات دیکھی ، قدرتی آفات کی وجہ سے ناقابل تلافی جانی نقصان کے علاوہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوا ، آتشزدگی، گر می کی لہر ، سیلاب اور طوفان میں ماحولیاتی تبدیلی کے کردار کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون اور آگاہی پیدا کرنے کی ایک دانشمندانہ حکمت عملی اپنائی گئی ، خوشی ہے کہ عالمی برادری نے کورونا پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا ہے، حکومت معاشرے کے استحکام ، اداروں کی صلاحیت بڑھانے ، پاکستان کو خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کیلئے پرعزم ہے ، ہم اپنی مستقبل کی نسلوں کو محفوظ تر بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں ۔