ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچ گئی

دبئی( ویب  نیوز)ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم  دبئی پہنچ گئی ہے جہاں وہ عالمی ایونٹ کے لیے تیاریوں کا آغاز کرے گی۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ شائقین کی سپورٹ ہمارے لیے بہت معنی رکھتی ہے لہذا وہ ہماراساتھ دیں، ہمیں سپورٹ کریں اور ہمارے لیے دعائیں کریں۔فاسٹ بالر حسن علی نے روانگی سے قبل لی گئی اسکوارڈ کی تصویر بسم اللہ لکھ کر ٹوئٹ کی جبکہ قومی ٹیم کے آل راونڈر شاداب خان نے دبئی روانگی سے قبل اپنے پیغام میں عوام سے سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یقین ہی ہماری سپر پاور ہے۔پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز سے 18 اکتوبر کو ہو گا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔پاکستان کی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جس کے بعد دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔عالمی کپ میں پاکستان کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان سے ہو گا جس کے بعد 31 مارچ کو اگلا میچ کوالیفائر کے خلاف کھیلا جائے گا۔پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 7نومبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں شاداب خان، آصف علی، سرفراز احمد، حیدر علی، حارث رف، حسن علی، عماد وسیم، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور فخر زمان شامل ہیں