کراچی (ویب ڈیسک)
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 81 پیسے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر کی پھر اونچی پرواز، ایک روپے 81 پیسے اضافے سے 176 روپے میں فروخت ہوا۔ یاد رہے کہ 26 اکتوبر کو ڈالر 175 روپے 27 پیسے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ڈیڑھ روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد 178 روپے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ واضح رہے کہ ڈالر میں اضافے سے پاکستان پر واجب الادا بیرونی قرضوں کی مالیت میں بھی اضافہ ہوا ہے جو پہلے سے خستہ حال ملکی معیشت پر ناقابل برداشت بوجھ ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے اندرونی و بیرونی قرضوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ سینیٹ میں پیش کی گئی ہے جس کے مطابق جون 2018 میں ملک کے اندرونی قرضے 16.4 ٹریلین تھے، اگست 2021 تک اندرونی قرض 26 ہزار ارب روپے سے بڑھ گئے۔رپورٹ کے مطابق 3 سال کے دوران بیرونی قرض میں ساڑھے 6 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جون 2018 میں بیرونی قرض ساڑھے 8 ہزار ارب روپے تھا جبکہ ملک پر کل قرض 25 ہزار ارب روپے تھا۔ اگست 2021 تک بیرونی قرض ساڑھے 14 ہزار ارب سے تجاوز کر گیا۔