بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر پر پی ٹی اے نے ICQموبائل ایپلی کیشن کو پاکستان میں بلاک کردیا
پی ٹی اے نے مذکورہ موبائل ایپلی کیشن کو سینئر نائب صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کی درخواست پر بلاک کیا
درخواست گزار نے پانچ اکتوبر کو پی ٹی اے کو درخواست دی تھی کہ ICQایپلی کیشن پر گستاخانہ گروپس بناکر مقدس ہستیوں اور شعائر اسلام کی گستاخی کی جارہی ہے
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کی درخواست پر پی ٹی اے نے موبائل ایپلی کیشن ICQکو پاکستان میں بلاک کردیا۔مذکورہ موبائل ایپلی کیشن کو بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر پر بلاک کیا گیا ہے۔سینئرنائب صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان شیراز احمد فاروقی نے مذکورہ موبائل ایپلی کیشن کو بلاک کرنے کے لئے درخواست پانچ اکتوبر کو پی ٹی اے کو دی تھی۔پی ٹی اے نے مذکورہ موبائل ایپلی کیشن کو بلاک کرنے کے بعد درخواست گزار کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کے سینئر نائب صدر شیراز احمد فاروقی کی درخواست پر پی ٹی اے نے موبائل ایپلی کیشن ICQکو پاکستان میں بلاک کردیا ہے۔اس حوالے سے پی ٹی اے نے درخواست گزار کو تحریری طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔رواں سال پانچ اکتوبر کو تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کے سینئر نائب صدر شیراز احمد فاروقی نے پی ٹی اے کو تحریری طور پر دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ICQنامی موبائل ایپلی کیشن میں کئی نامعلوم گستاخ گروپس بناکر اللہ تعالیٰ،حضور ﷺ،امہات المؤمنین رضی اللہ عنہم،صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور شعائر اسلام کی بدترین توہین کررہے ہیں۔قابل تشویش بات یہ ہے کہ ICQایپلی کیشن میں اکاؤنٹ بنانے والے کسی بھی شخص کی شناخت ظاہر نہیں ہوتی۔یہی وجہ ہے کہ ICQایپلی کیشن پر نامعلوم گستاخ گستاخانہ گروپس بناکر کائنات کی مقدس ترین ہستیوں اور شعائر اسلام کی بدترین گستاخی کرکے وطن عزیز پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز پاکستان کے کروڑوں مسلمانوں کو مشتعل کرکے وطن عزیز پاکستان میں انتشار پیداء کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔مذکورہ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی ٹی اے ICQکوفوری طور پر پاکستان میں بلاک کرے۔تاکہ اللہ تعالیٰ،حضور ﷺ،امہات المؤمنین رضی اللہ عنہم،صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور شعائر اسلام کی عزت و ناموس کا تحفظ ہوسکے۔پی ٹی اے نے مذکورہ درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے ICQایپلی کیشن کو پاکستان میں بلاک کرنے کے بعد تحریری طور پر درخواست گزار کو آگاہ کرتے ہوئے یہ درخواست بھی کی ہے کہ اگر کسی اور ذریعے سے ICQایپلی کیشن پاکستان میں چلے تو اس سے بھی پی ٹی اے کو آگاہ کیا جائے۔تاکہ پی ٹی اے اس پر بھی کاروائی کرسکے۔