منی بجٹ میں آئی ٹی انڈسٹری پر ٹیکس لگایا گیا تو مخالفت کروں گا، امین الحق

وزیراعظم کے سامنے اپنی گزارشات رکھیں گے، امید ہے آئی ٹی انڈسٹری پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(ویب  نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے منی بجٹ میں آئی ٹی انڈسٹری پر کسی قسم کا ٹیکس نہ لگایا جائے، اگر ٹیکس لگایا گیا تو اپنی انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہو کر اس کی مخالفت کروں گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ جو سوچ آئی ٹی انڈسٹری کی ہے وہی وزیر آئی ٹی کی بھی ہے، ودہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پتہ لگے گا، باتیں کی جا رہی ہیں کہ 10 فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے، کمپیوٹر اور ٹیبلیٹس پر ٹیکس کا بھی سننے میں آرہا ہے، وزیر آئی ٹی کے طور پر ان فیصلوں کی مخالفت کروں گا۔امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے اپنی گزارشات رکھیں گے، امید ہے ان چیزوں پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، ملک میں مزید 40 کے قریب سافٹ ویئر پارکس بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے، ایس ٹی پی سے آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی، نوجوانوں اور خواتین کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔