Islamabad: Federal Minister for Finance and Revenue Mr. Miftah Ismail presided over a meeting on the tax related issues of IT and Telecom sector at Finance Division - 23-06-2022

وفاقی وزیر امین الحق نے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کیلئے ٹیکس استثنیٰ کا مطالبہ کر دیا

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں پر مختلف ٹیکسوں سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے ٹیکسز سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزیر امن الحق نے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کیلئے ٹیکس استثنیٰ کا مطالبہ کردیا، وزیر خزانہ نے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں پر مختلف ٹیکسوں سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ،وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے ٹیکسز سے متعلق اجلاس جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی، چیئرمین پی ٹی اے، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران  نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر انفارمیشن اینڈ  ٹینکالوجی (آئی ٹی) سید امین الحق نے وزیر خزانہ کو ملک کی معاشی ترقی میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کے کردار سے آگاہ کیا، سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کو ٹیکسز سے متعلق مختلف مسائل کا سامنا ہے، آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کیلئے ٹیکس استثنیٰ کی درخواست کی گئی ہے، آئی ٹی سیکٹر اور ٹیلی کام سیکٹر کی بقا اور کاروبار میں آسانی کے لئے مختلف ٹیکسوں میں کمی کی ضرورت ہے۔  وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی ترقی سے برآمدات میں اضافہ اور جی ڈی پی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے کردار کا اعتراف کیا، وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کی توسیع اور متعلقہ برآمدات بڑھانے کے لئے مراعات فراہم کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں پر مختلف ٹیکسوں سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔