رحیم یارخان (ویب ڈیسک )
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رجسٹرار آفس کی جانب سے مری کی طوفانی برفباری کے دوران جاں بحق افراد کیلئے تعزیتی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر بھی شریک ہوئے۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے بعد شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہرنے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور صدمے کااظہارکیا۔ انہوں نے کہا معصوم جانوں کے ضیاع پر دل افسردہ اور غم سے نڈھال ہے، انہوں نے کہا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے کہا کہ آج کی اس تعزیتی تقریب کا مقصد لواحقین سے اظہار یکجہتی کے ساتھ اپنی قومی ذمہ داری کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے کہ مشکل وقت میں اپنے ہم وطنوں کے کام آئیں اورامداد باہمی کی مثال قائم کریں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ ہمیں اپنے عزیزو اقارب اور دیگر ہم وطنوں کو آگاہی دینی چاہئے کہ کسی بھی سفر سے پہلے چیک لسٹ بنائیں۔ تمام ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ موسم کی مناسبت سے لباس اور دیگر اشیائے ضروریہ کو ساتھ رکھیں۔ اس سب کے ساتھ ساتھ کسی بھی پریشانی کی صورت میں ہدایات پر عمل کریں اور ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیمان طاہر نے بتایا کہ انہوں نے جامعہ میں بھی کئی ایسے اقدامات اٹھائے جن کا مقصد مجبوری کا شکار طلبا و طالبات کو ریلیف دینا ہے۔ انہوں نے کہا مجبوری کے باعث فیس بروقت نہ دینے والوں کو تمام جرمانوں سے مستثنی کردیا ہے، انہوں نے کہا طلبا کو بھلائی ، امداد باہمی اور ایک دوسرے سے تعاون کا درس دے کر سماجی رویوں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحومین کیلئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹرمحمد اسلم خان، ڈاکٹر ثمینہ ثروت، ڈاکٹر محمد صغیر، ڈاکٹر غلام مصطفی، ڈاکٹر محمد فرحان چغتائی، ڈاکٹر محمد حفیظ ، ڈاکٹر محمد جلات خان اورفیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔