لاہور میں ایمبولینس اور ٹرک ٹکرانے سے ایک شخص جاں بحق اور 4زخمی ہو گئے

شیخوپورہ ،لاہور (ویب ڈیسک)

لاہور اور شیخوپورہ کے نواحی علاقوں میں شدید دھند کے باعث 2 حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق پہلا حادثہ شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر مانانوالہ کے قریب پیش آیا جہاں بس کھڑے ٹرالے سے ٹکرا گئی، حادثے میں بس ڈرائیور نوید کے علاوہ انتظار اور راشد نامی 2 مسافر جاں بحق اور 13 زخمی ہو ئے ۔ زخمیوں کو شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔دوسرا حادثہ سیالکوٹ موٹروے کے کالا خطائی انٹرچینج پر پیش آیا، جہاں سیالکوٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے 28 سالہ حیدر سلطان کو لاہور منتقل کرنے والی ایمبولینس ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثے میں حیدر سلطان جاں بحق اور 4افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ۔

 

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹروے ایم ون، ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور اور فائیو کئی مقامات پر بند کردی گئی ۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھندچھائی رہی ، رحیم یار خان، میاں چنوں، پاکپتن، گوجرہ، جھنگ اور گردونواح میں حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، لاہور اور گردونواح میں دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر رہا۔ دھند کے باعث 6 پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ دو منسوخ کر دی گئیں۔موٹروے ایم ٹو ٹھوکرنیاز بیگ سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند رہی۔ موٹروے ایم تھری فیض پور انٹر چینج سے درخانہ انٹر چینج تک، موٹر وے ایم فور شام کوٹ سے عبدالحکیم تک، موٹروے ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ تک، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک، موٹروے ایم 5 اقبال آباد انٹر چینج سے روہڑی ٹال پلازہ تک بند رہی۔موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک دھند کے باعث بند موٹروے ایم ون رشکئی انٹرچینج سے پشاور ٹال پلازہ تک بند رہی۔