جامعہ کشمیر کے شعبہ الیکٹریکل اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کی ایکریڈیشن کی منظوری دے دی گئی
پاکستان انجینئرنگ کونسل کی طرف سے یونیورسٹی کے دو اہم شعبہ جات کی ایکریڈیشن تعلیمی ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہے‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی
فیکلٹی ممبران معیار تعلیم کی بہتری اور ریسرچ اور تحقیق کے منصوبوں پر توجہ دیں، وائس چانسلر کا فیکلٹی ممبران اور پرنسپل آفیسران سے خطاب
مظفرآباد ( ویب نیوز ) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد نے تعلیمی ترقی کا ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے بی ایس سی (الیکٹریکل انجینئرنگ) اور بی ایس سی (سافٹ ویئر انجینئرنگ) کے کے پروگراموں کی ابتدائی منظوری حاصل کرلی۔ ایکریڈیشن کی منظوری کونسل نے اپنے صدر دفتر میں گذشتہ ہفتے ہونے والے انجینئرنگ ایکریڈیشن بورڈ (ای اے بی) کے ایک سو پانچویں اجلاس میں دی۔ اس بات کا اعلان جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدکلیم عباسی نے جامعہ کے سٹی کیمپس میں الیکٹریکل انجینئرنگ اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے جملہ فیکلٹی ممبران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی طرف سے جامعہ کشمیر کے دو شعبہ جات کے 2017ء کے سیشن کے طلباء/طالبات کی ڈگری کی ایکریڈیشن کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے دونوں شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران خاص طور پر فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم خان کو مبارکباد دی اور اس توقع کااظہار کیا کہ جملہ فیکلٹی ممبران ان شعبہ جات کی حتمی ری ایکریڈیشن کیلئے مزید دن رات محنت کرینگے۔ الیکٹریکل انجینئرنگ اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کی ایکریڈیشن کو طلباء /طالبات کا دیرینہ حل طلب مسئلہ قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر نے جامعہ کے دونوں شعبہ جات کو کوالٹی آف ایجوکیشن اور نظم و ضبط کے اعتبار سے مثالی قرار دیا اور کہا کہ ان شعبہ جات میں بڑی تعداد میں پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران کی موجودگی نہ صرف ہمارے لیئے باعث فخر ہے بلکہ ان شعبہ جات کے طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا ہے کہ معیار تعلیم کی بہتری کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے شعبہ جات کی لیبارٹریز کو جدید سازوسامان سے لیس کرنے اور مالی وسائل میں اضافہ کرنے کیلئے ریسرچ پراجیکٹس حاصل کریں۔ آزاد کشمیر کو قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر نے الیکٹریکل انجینئرنگ کے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ آبی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کو اپنی ریسرچ اور تحقیق کا محور بنائیں تاکہ ان شعبوں کو ترقی دے کر جہاں ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے وہاں یونیورسٹی کے وسائل کو بھی بڑہایا جا سکے۔ اجلاس میں جامعہ کشمیر کی فیکلٹی آف انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، ایسوسی ایٹ ڈین آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ، ڈائریکٹر پلاننگ پروفیسر ڈاکٹر انصر یاسین، ناظم مالیات سید شفاعت علی گیلانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور اُن کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کے نتیجہ میں جامعہ کے دو اہم شعبہ جات کی ایکریڈیشن پر اُنہیں مبارکباد دی۔
٭٭٭