فلپائن میں مسلم خواتین اہلکاروں کے مطالبے پر کوسٹ گارڈ کے یونیفارم میں حجاب شامل
مسلم کمیونیٹی نے کوسٹ گارڈ کی انتظامیہ کے فیصلے کو سراہا ہے
منیلا(ویب نیوز)فلپائن میں کوسٹ گارڈ کی مسلم خواتین اہلکاروں کے مطالبے پر یونیفارم میں اب اسکارف کو بھی باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں کوسٹ کی خواتین اہلکاروں کے یونیفارم میں تبدیلی کی منظوری دیدی گئی ہے جس میں سر اور سینے کو ڈھانپنے کے لیے اسکارف کو بھی یونیفارم میں شامل کرلیا گیا ہے۔فلپائن کوسٹ گارڈ میں 200سے زائد خواتین اہلکار ہیں جو یونیفارم میں حجاب کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتی آئی ہیں اور جس کی بنیاد پر کوسٹ گارڈ سروس کے کپتان ایلسمن ایس بروا نے بھی حجاب کو یونیفارم کا حصہ بنانے کا مشورہ دیا تھا۔فلپائن میں مسلمانوں کی آبادی 6فیصد ہے اور مجموعی طور پر 1850مسلمان کوسٹ گارڈ میں ملازمت کرتے ہیں۔ مسلم کمیونیٹی نے کوسٹ گارڈ کی انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔قبل ازیں پولیس، مسلح افواج اور جیل انتظامیہ نے بھی مسلمان خواتین ملازمین کے لیے حجاب کی اجازت دے دی تھی۔