بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،اہم کمانڈر سمیت 10 دہشتگرد ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشتگرد تربت، پسنی کے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ویب نیوز) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کر کے ایک اہم کمانڈر سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، گھیرے میں آنے پر دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی، اس دوران اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد تربت، پسنی کے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں، یہ ہتھیار سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہونا تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے، بلوچستان میں امن وترقی کاعمل سبوتاژ ہونے نہیں دیں گے۔