میرانشاہ (ویب ڈیسک)

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیر ستان کے علاقے مڈی خیل میں آپریشن کرتے ہوئے کثیر تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے مڈی خیل میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران کثیر تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ ہتھیاروں میں سب مشین گنیں، لائٹ مشین گنیں، ہینڈ گرنیڈز اور آر پی جی 7 راکٹ سمیت مختلف کیلبر کے رائونڈز شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی عمائدین نے آپریشن کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز سے مکمل تعاون کا عزم دہرایا اور علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہائی کرائی۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بمزونی میں فورسز نے آپریشن کیا، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔  مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی، دہشت گردوں میں محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اختر حسین، شیر اور وسیم شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیاراور گولیاں برآمد کرلی گئیں، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں، گرینیڈ، مائنز بھی شامل ہیں، ہلاک دہشت گرد فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سمبازا میں بھی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے علاقے میں محاصرہ کرنے پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔  آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و گولیاں برآمد کرلی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے، پاکستان میں امن و استحکام سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے