آبی مذاکرات کامیاب : بھارت نے پاکستانی اعتراضات کو تسلیم کرلیا، سیدمہر علی شاہ
مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاگ نہیں پیدا ہوا، میڈیا سے گفتگو
لاہور (ویب ڈیسک)
انڈس واٹرکمشنر سیدمہر علی شاہ نے بھارت سے آبی مذاکرات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وفد نے پاکستانی اعتراضات کو تسلیم کرلیا۔تفصیلات کے مطابق چار روزہ مذاکرات کے بعد بھارتی آبی ماہرین کا 10 رکنی وفد واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوگیا۔بھارتی وفد کی واپسی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی انڈس واٹر کمیشنر سید مہر علی شاہ نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاگ نہیں پیدا ہوا، بھارت کے آبی ماہرین ساتھ مذاکرات کامیاب رہے، پاکستان نے کھل کر اپنے اعتراضات سے بھارت کو آگاہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیرو اور پکل دل پر جو اعتراضات تھے، بھارتی وفد نے پاکستانی اعتراضات تسلیم کرنے کے بعد مئی میں پکل دل اور کیرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سائٹس کا معائنہ کرانے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔سید مہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو دونوں بھارتی منصوبوں کے ڈیزائن پر اعتراضات ہیں، فلڈ کے ڈیٹا پر کچھ جوابات مانگے ہیں، پہلے بھارت ہر قسم کے سیلابی پانی ڈیٹا شیئر کرتا رہا ہے۔یاد رہے گذشتہ سال مارچ میں پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کے وفد نے نئی دہلی میں 2روزہ مذاکرات میں حصہ لیا تھا ، 8رکنی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کی جبکہ بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پردیپ کمار سکسینہ نے کی تھی۔واہگہ بارڈر پر انڈس واٹرکمشنر مہرعلی شاہ نے بتایا تھا کہ بھارتی سائیڈ نے ہمارے موقف کوپوری توجہ سیسنا، پرامیدہیں کہ ہرسال اب یہ میٹنگ کاسلسلہ چلتا رہے گا، میٹنگ میں بھارتی پراجیکٹ پرٹیکنیکل اعتراضات اٹھائے تھے، اعتراضات پر غور کرنے کی گارنٹی دی گئی اور بھارتی حکام نے پاکستان کے دورے کی یقین دہانی کرائی ہے۔