چند اخبارات اور میڈیا ہائوسز کے اشتہارات بند کرنے پر تشویش ہے
مجھے حیرانگی ہے پی ٹی آئی کی طرف سے میڈیا ہائوسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے
لاہور (ویب ڈیسک)
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے چند اخبارات اور میڈیا ہائوسز کے اشتہارات بند کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے مشیروں سے محتاط رہیں، وزیراعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں ، مجھے حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہائوسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو پیغام بھجوایا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے مشیران سے محتاط رہیں، کیونکہ وزیر اعظم کے مشیر غلط بیانی سے حکومت اور میڈیا کے درمیان خلیج حائل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ممبران کو میڈیا میں جانے سے روکنے کی اطلاعات ہیں، اپنے ممبران کو مخصوص چینلز میں نہ جانے دینے پر تشویش ہے، اس سے تحریک انصاف اپنا نقطہ نظر متوازن طریقے سے عوام کے سامنے نہیں رکھ پائے گی،وزیر اعظم اور پارٹی قیادت سے فیصلے پر نظر ثانی کی دراخوست کرتے ہیں۔چند اخبارات اور میڈیا ہائوسز کے اشتہارات بند کرنے پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے، وزیر اعظم نے مجھے میڈیا ہائوسز اور حکومت کے درمیان پیکا آرڈیننس کے حوالے سے معاملات سلجھانے کا ٹاسک دیا ہے لیکن مجھے حیرانگی ہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے میڈیا ہائوسز کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے، اشتہارات پر پابندی بظاہر پیکا آرڈیننس کے تناظر میں لگائی گئی ، سرکاری اشتہارات عوام کے پیسے ہیں جن کو مخصوص اخبارات اور چینل کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔