اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کے عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہنڈل سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں چیئرمین عمران خان نے میانوالی کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو مغرب سے پہلے آپ کے پاس آ رہا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز میانوالی سے کر رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ کرپٹ ترین لوگوں کی امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، کرپٹ لوگوں کی غلامی سے نکلنے کے لیے اسلام آباد کی کال دی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا میانوالی کے عوام کے نام خصوصی پیغام !
6 مئی کو میانوالی میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔#امپورٹڈ__حکومت__نامنظور pic.twitter.com/sRTvrvw2Yh
— PTI (@PTIofficial) May 4, 2022
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میانوالی کے لوگوں نے مجھے پہلی بار قومی اسمبلی کے لیے منتخب کیا، عوام سے کہتا ہوں کہ بھر پور طریقے سے احتجاج میں شرکت کرنی ہے، میانوالی نے پورے پاکستان کو میرے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دینا ہے۔
ویڈیو میں عمران خان نے کہا کہ غلامی اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے ساتھ عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں، پیغام دینا ہے میری اسلام آباد کی کال کے لیے میانوالی تیار ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف 6 مئی کو میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ دیگر شہروں میں جلسوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔