فیصل آباد (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی خصوصی منظوری سے فیصل آباد ڈویژن کے اقلیتی برادری کے 111ذہین اور باصلاحیت طالب علموں میں 32لاکھ 70ہزار روپے مالیت کے تعلیمی وظائف کے چیکس تقسیم کئے گئے ہیں۔یہ چیکس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اقلیتی امور وانسانی حقوق/چیف وہیب پنجاب اسمبلی خلیل طاہر سندھو،ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف اورمسلم لیگ ن کے سٹی صدر /سابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے منعقدہ تقریب کے دوران طلباء وطالبات میں تقسیم کئے۔چیف آفیسرزبیر حسین،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،انچارج ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر محمد صادق،اقلیتی برادری کے سرکررہ رہنما،ہونہار طالب علم اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اقلیتی امور وانسانی حقوق نے ہونہار طالب علموں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے اقلیتی طالب علموں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں فوری تعلیمی وظائف فراہم کرنے کی ہدایت کی جس پر شفاف انداز میں عملدرآمد کرکے میرٹ کی بنیاد پر مستحق طالب علموں میں چیکس تقسیم کئے۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ اپنی تمام ترتوجہ حصول علم کی جانب مرکوز رکھیں،حکومت پنجاب ذہین اورہونہار طالب علموں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ اقلیتی طالب علم سکالر شپ حاصل کرنے کے لئے اپنی درخواستیں جمع کرائیں تاکہ انہیں بھی اگلے مرحلے میں وظائف دئیے جاسکیں۔انہوں نے اقلیتی طلبہ کو وظائف کی فراہمی کے لئے فنڈز فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ اقلیتی طالب علموں میں احساس محرومی پیدانہیں ہونے دیں گے اور وہ قابل فخر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے ملک وقوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اوران کی یکساں ترقی کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے اور سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ سے سیکٹروں افسران وملازمین آج اہم عہدوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ مستحق خاندانوں میں مالی امدادبھی تقسیم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اقلیتی برادری کے ذہین اور باصلاحیت طالب علموں کو وظائف کی فراہمی پر مبارکباد دی اورکہا کہ ہونہار طلبہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اورحکومت محنتی طالب علموں کی ذہانت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تعلیمی وظائف فراہم کررہی ہے اور اس میں کسی مذہب ونسل کی تخصیص نہیں ہے۔انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ تعلیم کا حصول ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے جس کے لئے دلجمعی سے کوششیں جاری رکھیں۔شیخ اعجاز احمد نے اقلیتی برداری کے طالب علموں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برداری بھی ملک وقوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے جن کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے دوران میٹرک سطح کے5 طالب علموں میں 5 15 ہزار فی کس کے حساب سے 75 ہزار روپے، انٹرمیڈیٹ کے 38 طلبہ میں 7 لاکھ 60 ہزار روپے،گریجوایشن کے 40 طالب علموں میں 12 لاکھ روپے،ماسٹر ڈگری کے 11 سٹوڈنٹس میں 3 لاکھ 85 ہزار روپے اورپروفیشنل تعلیم کے 17 طالب علموں میں ساڑھے 8 لاکھ روپے مالیت کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ظائف حاصل کرنیوالے طلباء وطالبات نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز،خلیل طاہر سندھو کا شکریہ ادا کیا۔