تیل و گیس کے اس نئے ذخیرے کی دریافت سے طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ملے گی

خام تیل اور گیس کی درآمدات میں کمی سے امپورٹ بل میں بھی کچھ کمی ضرور آئے گی،ماہرین

ٹنڈو الہ یار (ویب نیوز)

سندھ میں تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا گیا جس سے یومیہ 1400 بیرل تیل نکلنے اور 50 لاکھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہونے کا امکان ہے۔ اعلامیے کے مطابق تیل و گیس کا نیا ذخیرہ ضلع ٹنڈو الہ یار سے دریافت ہوا، ابتدائی نتائج کے مطابق ذخیرہ سے یومیہ 1400 بیرل تیل نکل سکتا ہے جبکہ یومیہ 50 لاکھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی حاصل ہوگی۔ تیل وگیس کے ذخیرے کی دریافت کے لئے 2573 میٹر کھدائی کی گئی، مذکورہ ذخیرہ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے دریافت کیا۔ ماہرین کے مطابق تیل و گیس کے اس نئے ذخیرے کی دریافت سے طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ملے گی جبکہ خام تیل اور گیس کی درآمدات میں کمی سے امپورٹ بل میں بھی کچھ کمی ضرور آئے گی۔