350روپے کی کمی سے فی تولہ سونے کا بھائو ایک لاکھ 41 ہزار 500 روپے ہوگیا
کراچی (ویب نیوز)
ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹربینک میں ڈالر سستا ہو کر205 روپے سے نیچے آگیا،سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا جبکہ سونے کے بھائو میں کمی ہوئی۔ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی۔انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2روپے 12پیسے کمی ہو گئی ۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 204 روپے 75 پیسے کا ہو گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔ پی ایس ایکس میں 100 انڈیکس 60پوائنٹس اضافے کے ساتھ 41 ہزار 700 کی سطح پر پہنچ گیا ۔گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رحجان برقرار رہا اور ڈالر 1.30 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے سستا ہوا۔یورو اور پائونڈ کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ملک میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کی کمی ہوئی ہے۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھائو ایک لاکھ 41 ہزار 500 روپے ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کا بھائو 301 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 21 ہزار 313 روپے ہے۔صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھائو 10 ڈالر کم ہو کر ایک ہزار 823 ڈالر فی اونس ہے۔