یہ خسارہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 4 مہینوں سے 46 فیصد کم ہے، اعلامیہ
گزشتہ مالی سال جولائی سے اکتوبر تک جاری خسارہ 5.30 ارب ڈالرز تھا
کراچی (ویب نیوز)
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونی کھاتوں کا حساب جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ستمبر 2022 کے مقابلے میں اکتوبر میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 56 فیصد زائد رہا ہے۔پاکستان کے مرکزی بینک کے اعلامیے کے مطابق اکتوبر میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا۔رواں مالی سال کے ابتدائی 4مہینوں میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 2.82 ارب ڈالرز رہا، یہ خسارہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 4 مہینوں سے 46 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال جولائی سے اکتوبر تک جاری خسارہ 5.30 ارب ڈالرز تھا، درآمدات میں کمی سے کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوا ہے۔جولائی سے اکتوبر تک ملکی درآمدات 20 ارب 61 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے ان 4 مہینوں میں درآمدات 23 ارب 32 کروڑ ڈالرز تھیں۔رواں مالی سال 4مہینوں کی درآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے 11فیصد کم ہیں۔4 مہینوں کی برآمدات 2.61 فیصد اضافے سے 9.82 ارب ڈالرز رہیں، جولائی سے اکتوبر کا تجارتی خسارہ 10 ارب 79 کروڑ ڈالرز رہا۔گزشتہ 4ماہ میں تجارت، خدمات اور آمدن کے کھاتوں کا خسارہ 13 ارب ڈالرز رہا جبکہ ورکرز ترسیلات 9 ارب 90 کروڑ ڈالرز رہیں۔