مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی مہم جاری ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ
بدقسمتی سے اپنی زمین سے بے دخلی کی مہم کا سامنا کرنے والے زیادہ تر لوگ غریب مسلمان ہیں ۔ممتاز زہرہ بلوچ
پاکستان ایشین کو آپریشن ڈائیلاگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ کثیر جہتی اور باہمی مفاد کے تعلقات کا خواہش مند ہے
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی مہم پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بات کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو ان کی زمین سے بے دخلی کی مہم جاری ہے۔ یہ ان اقدامات کے سلسلے میں تازہ ترین اقدام ہے جن کا مقصد کشمیریوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔ بدقسمتی سے، بے دخلی کی مہم کا سامنا کرنے والے زیادہ تر لوگ غریب اور مسلمان ہیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔حالیہ برسوں میں، بھارت کی کچھ ریاستوں میں مسلمانوں کی املاک کو مسمار کرنے کے لیے بلڈوزر کا استعمال کیا گیا تاکہ انھیں دہشت زدہ کیا جا سکے۔ اب ، اس ماڈل کو اب مقبوضہ کشمیرمیں اپنایا جارہا ہے ۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہندوستانی حکام مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ڈرانے کے لیے زمین کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ہم مقبوضہ کشمیرمیں پریشان کن پیش صورت حال کا مشاہدہ کرتے رہتے ہیں۔ چند روز قبل بھارتی قابض حکام نے سری نگر کے علاقے راجباغ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کی عمارت پر حملہ کیا یہ جموں وکشمیر کی سیاسی آزادیوں پر ایک اور حملہ ہے پاکستان اس جابرانہ فعل کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ، یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری 2023 کو تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ گزشتہ روز، پاکستان کی پارلیمنٹ نے اپنے مشترکہ اجلاس میں جموں و کشمیر کے بارے میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر Pornchai Danvivathana پاکستان میں ہیں اور اعلی حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان نے ایشین کو آپریشن ڈائیلاگ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ کثیر جہتی اور باہمی مفاد کے تعلقات کی خواہش کو دہرایا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل Rafeal Grossi اگلے بدھ سے دو دن کیلئے پاکستان آئیں گے اور صحت، توانائی، بجلی پیدا کرنے اور صنعتی ترقی کے عمل میں جوہری تکنیک استعمال کرنے والے اداروں کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ سماجی، معاشی ترقی کے لئے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کیلئے تعاون کو بڑھانے کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ زلزلے کے بعد شام اور ترکیے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجما ن نے کہا کہ ہم وہاں پر حکام سے رابطے میں ہیں اور اب تک وہاں پر کسی بھی پاکستانی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔