- رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے،گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت کا پولیس کو حکم
گوجرانوالہ (ویب نیوز)
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی کے جج رانا زاہد اقبال خان نے جاری کیے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے۔راناثناء اللہ کی طرف سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالماجد عدالت میں پیش ہوئے اور رانا ثناء اللہ کی ایک روز کے لئے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث رانا ثناء اللہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، وہ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ خیال رہے کہ 24 فروی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج ایک مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ا ور پولیس کو انہیں 7مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف 5 اگست 2022 کو(ق)لیگ کے مقامی رہنما شاہ کاز اسلم کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا تھا جس میں ان پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہلخانہ کوجان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔