• ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے
  • اونچ نیچ آتی رہتی ہے، یہ عارضی مشکل ہے، وہ وقت آئے گا جب ملکی بہتری کے فیصلے صرف ہم کریں گے
  • سابق صدر کا پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب

بورے والا (ویب نیوز)

سابق صدر وپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرنز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاگل خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ، ملک کا خانہ خراب کردیا۔ایسے وقوف کو وزیر اعظم بنادیا گیا جس کی کوئی سوچ ہی نہیں تھی ،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، ان خیالات کا اظہار آصف زرداری نے وہاڑی میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نواب شہر یار خاں خاکوانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ورکرز کنونشن سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر مخدوم احمد محمود،جنرل سیکرٹری پی پی پی ساوتھ پنجاب سابق ایم این اے نتاشہ دولتانہ اور شہر یار خاں خاکوانی نے بھی خطاب کیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جب بھی موقع دیا کہ جنوبی پنجاب کا خیال رکھا، میں 10 سال آگے کا سوچتا ہوں، ہم نے گوادر کی بندرگاہ چین کو دی تاکہ پاکستان ترقی کرے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کل کے بچوں کو تاریخ یاد نہیں، ہمارے ملک میں بچوں کو تاریخ پڑھائی نہیں جاتی، انہوں نے کہا کہ  ہمارے پاس ڈالرز نہیں ہیں، عمران خان ہمیں دلدل میں پھنسا کر گیا ہے، اس دلدل سے نکلنے کیلئے تھوڑا وقت لگے گا ہمارا مقصد پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاگل خان نے خانہ خراب کردیا، وہ آج بھی ون ڈے کرکٹ کھیل رہا ہے، وہ کسی نہ کسی طریقے سے واپس آنا چاہتا ہے، ایسے وقوف کو وزیر اعظم بنادیا گیا جس کی کوئی سوچ ہی نہیں تھی ، انہوں نے کہا کہ  پاگل خان ہمیں ایسی دلدل میں پھنسا گیا کہ بڑی مشکل سے پار لگیں گے، لیکن لگیں گے ضرور، میں نے عزم کر رکھا ہے ملک کو مسائل سے نکالوں گااور ہر قیمت پر نکالوں گا۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ دیوالیہ ہوگیا ،دیوالیہ ہوگیا یہ باتیں ہورہی ہیں، امریکا، جاپان اور برطانیہ بھی دیوالیہ ہوگئے تھے، اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا، اونچ نیچ آتی رہتی ہے، یہ عارضی مشکل ہے، وہ وقت آئے گا جب ملکی بہتری کے فیصلے صرف ہم کریں گے، پاکستان میں ہر قسم کی سہولت موجود ہے ہم نے صرف ان سے فائدہ لینا ہے، ، ہم پاکستان اورعوام کو آگے لے کر چلیں گے، موقع ملے گا تو بلاول اور آصفہ قوم کی خدمت کرتے رہیں گے ۔،وہاڑی سے الیکشن لڑنے کیلئے پارٹی سے مشاورت کرونگا۔