- بینک آف آزاد جموں و کشمیرنے ”پرسنل لون“ کے تحت صارفین کوگھریلو و ذاتی ضروریات کے لئے145.90ملین روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کئے
مظفر آباد (ویب نیوز)
بینک آف آزاد جموں و کشمیرکی جانب سے قرضہ جات کی خصوصی سکیم ”پرسنل لون“ کے تحت صارفین کو 145.90ملین روپے سے زائد کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور سعید نے ایک جائزہ اجلاس میں کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ اور انتہائی آسان شرائط پر صارفین کو بچوں کی تعلیم، شادی، گھر کی تزئین و آرائش جیسی گھریلو اورذاتی ضروریات کے لئے قرضہ جات کی سہولت فراہم کرتا ہے۔پاکستان یا آزاد کشمیر کا کوئی بھی شہری پرسنل لون سکیم کے تحت سیونگ سرٹیفکیٹس، بینک کے اپنے اور دوسرے بینکوں کے ڈیپازٹس کے خلاف قرضہ جات حاصل کر سکتا ہے۔ اس قرض کی مدت تین سال تک ہے اور ماہانہ، سہ ماہی واپسی کی سہولت دی گئی ہے۔ تیز ترین پراسیسنگ کے تحت قرضہ جات سے ضرورت مند مستفید ہو رہے ہیں۔بینک ترجمان کے مطابق ایڈوانس سیلری لون،ٹورازم ڈویلپمنٹ،ہاؤسنگ فنانس، گولڈ لون، کار فنانسنگ، موٹر سائیکل لون، ہوم اپلائنسز، ایس ایم ای، مائیکرو، کمرشل اور ہیلتھ کیئر وغیرہ جیسی قرضہ جات سکیموں تک صارفین کی آسان رسائی اور فوری ادائیگی سے خطے کی سماجی اور معاشی ترقی میں تیزی آرہی ہے۔ صدر /سی ای او خاور سعید کی نگرانی ورہنمائی میں عملے کی محنت، ٹیم ورک، صارفین کے تعاون سے بینک اہداف حاصل کر رہا ہے۔