لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اعجاز احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، پنجاب میں 2 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، یہ انتخابات 120 روز بعد ہو رہے ہیں۔عدالت نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تمام ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا ہے، بار بار الیکشن ہونے سے قومی خزانے کا ضیاع ہو رہا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔