اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج بغاوت پراکسانے کے مقدمہ کے اخراج کے لئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ آئندہ تاریخ سماعت کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل فیصل فرید چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اورعدالت سے استدعا کی کہ نوٹسز پر جواب موصول ہونے تک پولیس کو ایف آئی آر پر مزید کارروائی سے روک دیں۔ اس پر جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ نوٹسز جاری کردیئے اور جواب طلب کر لیاہے، یہ معاملہ آئندہ سماعت پر دیکھیں گے۔ جسٹس عامر فاروق نے فیصل چوہدری سے استفسار کیا کہ کیاآپ کی یہ درخواست اخراج مقدمہ کی ہے؟اس پر فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ میں مقدمہ کے گرائونڈز پر بات کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ لاہور کاہے اور ایف آئی آراسلام آباد میں درج کی گئی ہے، اسی طرح ہم دیگر کیسز کے اندر بھی دیکھتے ہیں کہ واقعہ کراچی کاہوتا ہے اورایف آئی آراسلام آباد یا کسی دوسرے شہر کے اندردرج کرلی جاتی ہے۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔