- بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بائیپر جوائے مزید شدت اختیارکرگیا
- طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر ممبئی میں یلو ، کچ اور سوراشٹرا میں اورنج الرٹ جاری
- ممبئی میں طوفان کے زیر اثر تیز ہوائوں کے باعث متعدد پروازیں منسوخ،رن وے بند
کراچی / ممبئی (ویب نیوز)
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بائیپر جوائے مزید شدت اختیارکرگیا، اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں، طوفان کراچی سے صرف 600 کلو میٹر کی دوری پر رہ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جہاں جہاں سے گزررہا ہے وہاں سمندری لہریں 30 سے 40 فٹ تک تک بلند ہورہی ہیں، طوفان گرد ہوائیں 180 سے 200 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔پی ڈی ایم کے مطابق بائپر جوائے طوفان کا رخ ٹھٹھہ کے جنوب میں 670 اور اوماڑہ کے جنوب مشرق میں 720 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ البتہ طوفان (کل)14 جون تک شمال کی سمت میں گامزن رہے گا، امکان ہے کہ (کل )14جون کو طوفان کا رخ جنوبی سندھ کیٹی بندر کی جانب ہوسکتا ہے۔حکام کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 15 جون کو طوفان کیٹی بندر تا گجرات کے درمیان کسی جگہ ٹکرائے گا۔
طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر ممبئی میں یلو جبکہ کچ اور سوراشٹرا میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا، پروازیں بھی منسوخ کرکے رن وے بند کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان بائپرجوائے کے سبب بھارتی شہر ممبئی اور گجرات کے ساحل پر تیز ہوائیں اور بلند لہروں کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے طوفان بائپرجوائے کے سبب کچ اور سو راشٹرا کے لیے اورنج الرٹ اور ممبئی میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ممبئی میں طوفان کے زیر اثر تیز ہوائوں کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں اور رن وے بند کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات میں طوفان بپرجوائے کے زیر اثر اضلاع میں 13 سے 15 جون تک 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواں اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔