حماس کا آپریشن” طوفان الاقصی ”اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیاں موساد اور شاباک کی ناکامی قرار

شاباک، موساد اور اسرائیل ڈیفنس فورسز کے تمام وسائل کے باوجود کسی کو بھی اس حیران کن حملے کی توقع تک نہ تھی، اسرائیلی میڈیا

مقبوضہ بیت المقدس(ویب  نیوز)

فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے اسرائیل پر زمینی، فضائی اور بحری ذرائع سے حملوں کو اسرائیلی میڈیا نے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسیاں موساد اور شاباک کی ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ شاباک، موساد اور اسرائیل ڈیفنس فورسز کے تمام وسائل کے باوجود کسی کو بھی اس حیران کن حملے کی توقع تک نہ تھ  ۔حماس کی جانب سے کیے جانے والے ان حملوں میں اب تک 500سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس کے ردِ عمل میں اسرائیل کے غزہ شہر پر کیے جانے والے فضائی حملوں میں400سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔دونوں اطراف ہزاروں افراد اب بھی زخمی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ حماس کی جانب سے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو بھی قیدی بنایا گیا ہے جس نے اسرائیل کے ایک انتہائی مشکل صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہمیں نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہو گیا، یہ وہ جواب ہے جو اسرائیلی حکام اس سوال کے جواب میں دے رہے ہیں کہ بہترین وسائل کی موجودگی کے باوجود یہ کیسے ممکن ہے کہ اسرائیلی انٹیلیجنس کو اس حملے کی خبر تک نہ ہو سکی۔ درجنوں مسلح فلسطینی اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے درمیان سخت سکیورٹی والی سرحد عبور کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ اسی دوران غزہ سے اسرائیل پر مبینہ طور پر ہزاروں راکٹ داغے گئے۔ اسرائیل کی داخلی انٹیلیجنس ایجنسی شاباک، اس کی بیرونی خفیہ ایجنسی موساد اور اسرائیل ڈیفنس فورسز کے تمام وسائل کے باوجود یہ حیران کن امر ہے کہ کسی کو بھی اس حملے کی توقع تک نہ تھی۔ اور اگر تھی بھی تو وہ اس کا موثر انداز میں روکنے میں ناکام رہے۔ اسرائیل کے پاس پورے مشرقِ وسطی کی سب سے زیادہ وسائل والی اور وسیع انٹیلیجنس سروس ہے۔