حماس کا آپریشن کافی کامیاب رہا۔ موساد کے سابق سربراہ  ایفریم ہیلوی

اسرائیل کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے،کوئی پیشگی اطلاع یا وارننگ نہیں تھی

 واشنگٹن(ویب  نیوز)

اسرائیل کے اہم ترین خفیہ ادارے موساد کے سابق سربراہ ایفریم ہیلوی نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو میں کہاکہ اسرائیل کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔اسرائیلی کے خفیہ اداروں کی لاعلمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں اس کی کوئی پیشگی اطلاع یا وارننگ نہیں تھی۔یہ مکمل طور پر حیران کن تھا کہ صبح جنگ شروع ہو گئی۔ایفریم ہیلوی کا کہنا تھا کہ یہ فلسطینیوں کا پہلا حملہ ہے جس میں اسرائیل کے اندر گھسنے میں وہ کامیاب ہوئے ہیں۔ایفریم ہیلوی کے مطابق عسکریت پسند گروپ نے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں تین ہزار سے زائد میزائل اسرائیل کے مختلف علاقوں پر داغے جو ان کے بقول ان کی خیال سے بھی بڑھ کر ہے۔ایفریم ہیلوی کے مطابق انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ کہ حماس کے پاس اتنی بڑی تعداد میزائل موجود ہیں۔انہوں نے حماس کے میزائلوں کے حوالے سے حیرت کا اظہار کیا کہ انہیں یہ بھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنے موثر ثابت ہوں گے۔ان کے بقول بدقسمتی سے حماس کا یہ آپریشن کافی کامیاب ثابت ہوا۔