اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے تربیت یافتہ پیرا میڈیکل سٹاف کی سہولت کے بل 2023 کی توثیق کردی جس کے تحت اسلام آباد کے سرکاری اور نجی سکولوں میں بچوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کیلئے تربیت یافتہ پیرا میڈکل سٹاف کی دستیابی لازمی قرار دی گئی ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق اسلام آباد کے تمام نجی سکول اپنے احاطے میں حسب ضرورت بچوں کو میڈیکل امداد کی فراہمی کیلئے پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔وفاقی حکومت تمام سرکاری سکولوں میں حسبِ ضرورت بچوں کو میڈیکل امداد کی فراہمی کیلئے پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی یقینی بنائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پہلی وارننگ کے بعد ایک لاکھ تک جرمانہ اور بعد میں 6 ماہ تک قید کی سزا دی جا سکے گی ۔صدر مملکت نے بل کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی ہے۔