• وکلا کا پاکستان کے آئینی ارتقا میں کلیدی کردار ہے،وزیراعظم
  • ایس ایم ای بینک کے صارفین کی جمع کرائی گئی رقوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،اجلاس میں ہدایت

اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی کابینہ نے وکلا تحفظ بل 2023 پارلیمنٹ میں پیش کرنے اور کپاس کی امدادی قیمت 8500روپے فی من کرنے کی منظوری دے دی  جبکہ ایک پاکستانی شہری کی قتل کیس میں سعودی عرب حوالگی کے لئے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ہوا،اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ وکلا کا پاکستان کے آئینی ارتقا میں کلیدی کردار ہے۔حکومت نے وکلا کے تحفظ کے لیے وکلاتحفظ بل 2023 پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے لیے منظور کرلیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کی فصل کو منافع بخش بنانے کے لیے 8500 روپے فی من کی امدادی قیمت کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ایس ایم ای بینک کے صارفین کی جمع کرائی گئی رقوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وائنڈنگ ڈاون کے دوران صارفین کے ڈیپازٹس کی واپسی کا خاص خیال رکھا جائے۔کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 15 باہمی اور 2 کثیر طرفہ مفاہمتی یادداشتوں کی ایکس پوسٹ فیکٹو کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک کی سفارش پر ایس ایم ای بینک کے وائنڈنگ ڈاون کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ وائنڈنگ ڈاون کے دوران بینک کے تمام صارفین کے ڈیپازٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ پہلے مرحلے میں بینک کے تمام صارفین کو 5.557 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی جانب سے محمد وسیم اسلم ولد محمد اسلم کی سعودی عرب حوالگی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ حکومت پاکستان کا سعودی حکومت کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ موجود ہے۔محمد وسیم اسلم سعودی حکومت کو قتل کے کیس میں مطلوب ہے۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی(پی ایس جی پی سی) کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ مذکورہ 13 رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے سکھ برادری کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹی آئندہ تین سال کے لیے گردواروں کی دیکھ بھال، سکھ یاتریوں کی خدمت اور دیگر انتظامی امور سنبھالے گی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے13مارچ 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی بھی توثیق کی جس میں وکلا تحفظ بل 2023 کی منظوری کی گئی تھی۔یہ بل ملک بھر میں وکلا کے تحفظ کے لیے وکلا کی درخواست پر تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 مارچ 2023 اور15 مارچ 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اس میں کپاس کی امدادی قیمت بڑھا کر 8500 روپے فی من کا فیصلہ بھی شامل ہے