بے روزگاری کا 75 سال ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ پی ٹی آئی…بدترین مہنگائی پر تحریک انصاف کا تفصیلی پالیسی بیان جاری
تحریک انصاف کے دور میں تمام ٹیکسز سمیت بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی
16 مہینوں میں ملک پر 20 کھرب روپے کے قرض کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا،
ں 16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے، ترجمان تحریک انصاف
اسلام آباد ( ویب نیوز) بدترین مہنگائی، بجلی کے بلوں کے خلاف ملک گیر احتجاج، ڈالر کی بے قابو پرواز اور سٹاک مارکیٹ کے کریش پر تحریک انصاف نے تفصیلی پالیسی بیان جاری کردیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں معاشی تباہی کے ذمہ دار رجیم چینج سازش کے کلیدی کردارہیں ان کا محاسبہ کیا جائے ۔ترجمان نے کہا ہے کہ معیشت اورعوام پراترنے والی قیامت کے ذمہ دار منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنے والے کردار ہیں،سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کورونا وبا، عالمی مہنگائی، تیل کے عالمی منڈی میں بلند ترین نرخوں اور آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے باوجود عوام کو مہنگائی کے طوفان سے محفوظ رکھا،ان کی موثر معاشی پالیسییوں کے سبب معیشت6 فیصد کی سالانہ شرح سے ترقی کی راہ پر گامزن جبکہ برآمدات، زراعت، ترسیلات زراور ٹیکسوں کی وصولی سمیت تمام معاشی شعبے بہتری کی جانب گامزن تھے۔ عمران خان اورشوکت ترین نے رجیم چینج سازش کے منصوبہ سازوں کو معیشت کی حساسیت سے بروقت آگاہ کیا تھا، عمران خان نے واضح طور پر متنبہ کیا تھا کہ نہایت مشکل حالات میں سنبھالی گئی معیشت کو غیر مستحکم کیا گیا تو صورتحال بے قابو ہو جائے گی،بدقسمتی سے بند کمروں کی سازشوں کے نتیجے میں آئین، جمہوریت اور معیشت پر تاریخ کا سب سے بھیانک شب خون مارا گیا، نالائقوں اور مجرموں کو عوام کے معاشی قتلِ عام کی آزادی دی گئی،پچھلے 16 ماہ میں بے روزگاری 75 سال کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے، ترجمان تحریک انصاف ان 16 ماہ میں 2 کروڑ سے زیادہ لوگ خطِ غربت سے نیچے دھکیل دیے گئے، مہنگائی کی شرح تحریک انصاف کے دور کے 12.2 فیصد سے بڑھتی ہوئی 38 فیصد کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی، اشیائے خور و نوش کی مہنگائی تحریک انصاف کے دور کے 14.8 فیصد سے بلند ہوتی ہوئی ناقابلِ تصور 50 فیصد تک پہنچی،16 مہینوں میں ملک پر 20 کھرب روپے کے قرض کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا،برآمدات اور ترسیلاتِ زر کی مد میں ایک سال میں مجموعی طور پر 8.3 ارب ڈالر تک کا نقصان کیا گیا، تحریک انصاف کے دور میں ملنے والا 150روپے فی لیٹر پٹرول آج 291 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف کے دور میں تمام ٹیکسز سمیت بجلی کی فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی،مجرموں کی حکومت کے 16 ماہ کے بعد آج بجلی کا ایک یونٹ اوسطا 50 روپے کی ناقابلِ ادائیگی سطح تک پہنچا دیاگیا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ جاری ہے، تیزی سے تباہی کی بھینٹ چڑھتی معشیت کو سنبھالنے یا عوام سے تاریخی مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی بجائے میڈیا پر ظالمانہ اور غیر آئینی سینسر شپ کے ذریعے حقیقت کو جھٹلانے کی کوششیں جاری ہیں ،پوری قوم رجیم چینج سازش کے کرداروں اور باقیات کے ہاتھوں ناقابلِ تصور معاشی تباہی کے خلاف سراپا احتجاج ہے، عوام کے ووٹ کے ذریعے بحران کے مثر حل کی راہ ہموار کرنے کی بجائے غیر آئینی اور غیر جمہوری کوششوں کے ذریعے معاملات کی سنگینی اور گھمبیرتا میں اضافہ کیا جا رہا ہے، کسی غیر آئینی و غیر جمہوری منصوبے کو پروان چڑھانے کی بجائے الیکشن کمیشن 90 روز کی آئینی مدت کے اندر صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت کو اختیارات کا انتقال یقینی بنائے