مقبوضہ کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں ایک حملے میں بھارتی کرنل، میجر اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہلاک
پولیس افسر اور دونوں فوجی افسروں کی لاشیں نکال لی گئیں
بھارتی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید
سری نگر(ویب نیوز)
بھارتی فوج کے کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش دھونچک اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں مزمل بھٹ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں ایک حملے میں مارے گئے۔بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ متذکرہ ہلاکتیںکرناگ میں بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم کے ایک حملے کی زد میں آنے کے بعد ہوئیں۔ حکام نے مزید کہا کہ حملہ اس وقت ہوا جب بدھ کی صبح بھارتی اہلکار کوکرناگ کے علاقے گڈول میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں مصروف تھے۔کرنل منپریت سنگھ 19 راشٹریہ رائفلز (19 RR) یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر تھے۔راشٹریہ رائفلز فوج کی انسداد بغاوت فورس ہے جو جموں و کشمیر میں کام کرتی ہے۔اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے کے گھنے جنگلات سے پولیس افسر اور دونوں فوجی افسروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔دریں اثنابھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں بدھ کے روز مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے خواہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ اس واقعہ سے منگل کے بعد سے علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد دو ہو گئی۔ جب کہ اس سے قبل اسی علاقے میں منگل کو ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک جوان اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو فوجی زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے میں بھارتی فوج کا ایک کتا بھی مارا گیا جو آپریشن کا حصہ تھا۔فوجیوں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں بدھ کو مسلسل 9ویں روز بھی فوجی آپریشن جاری رکھا۔