اسلام آباد (ویب نیوز)
تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی چئیرمین کی نہیں بلکہ حق اور انصاف کی جیت ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان پارٹی کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل تائید و توثیق کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں غیر آئینی ترامیم کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کی چوری معاف کرکے نئے سرے سے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے واضح کر دیا کہ نیب ترامیم آئین اور بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں،پی ڈی ایم نے سازش کے تحت ملک پر مسلط ہوتے ہی نیب کا بھرپور استحصال کرتے ہوئے ادارے کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا،این آر او ٹو کے حصول کی غرض سے اقتدار میں آنے والوں نے احتساب کے مرکزی ادارے کو ایک کٹھ پتلی کا درجہ دے کر محصور کردیا،غیرآئینی ترامیم کے نتیجے میں قومی خزانے لوٹنے والوں کو یکے بعد دیگرے ڈرائی کلین کر کے اقتدار کے ایوانوں میں لا کر بٹھایا گیا، شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، اسحاق ڈار ، زرداری کو ریلیف دینے کے بعد ایک مفروراشتہاری کو بھی لندن سے امپورٹ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے مجرموں کے گروہ کے خود ساختہ این آراو ٹو کو اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔عدالتِ عظمی نے واضح کر دیا کہ مافیاز کی لوٹی ہوئی دولت پر صرف پاکستانی قوم کا حق ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قوم کے اربوں روپے لوٹنے والے مجرمان کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، این آر او ٹو کے ذریعے بچی کھچی دولت سمیٹ کر ملک سے بھاگنے والوں کو فوراً واپس لا کر ان سے جواب طلب کیا جائے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ نیب اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے بحال کردہ ریفرنسز پر از سرِ نو تحقیقات کا آغاز کرے،قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کی اصلیت اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں،عدالتِ عظمی کے تاریخی فیصلے سے ایک بار پھر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا موقف درست ثابت ہوا۔