نیب ترامیم کالعدم قرار ، تمام نیب مقدمات پرانی پوزیشن پر بحال

 عدالت نے نیب قانون میں ہونے والی ترامیم کے خلاف دائر درخواست منظور کرلی ،نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 شقوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا

نیب عدالتیں جتنے بھی ریفرنس دائرہ اختیار نہ ہونے کی وجہ سے واپس کئے گئے تھے انہیں ایک ہفتے کے اندر پرانی سطح پر بحال کریں،عدالت

فیصلہ دو، ایک کی اکثریت سے سنایا گیا ،جسٹس سید منصور علی شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے

اسلام آباد(ویب  نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے دو، ایک کی اکثریت سے نیب آرڈیننس 1999میں 2022میں پی ڈی ایم حکومت کے دور میں ہونے والی ترامیم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام نیب مقدمات پرانی پوزیشن پر بحال کردیئے۔عدالت نے قراردیا ہے کہ نیب عدالتیں قانون کے مطابق نیب ریفرنسز کا فیصلہ کریں۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ نیب عدالتیں جتنے بھی ریفرنس دائرہ اختیار نہ ہونے کی وجہ سے واپس کئے گئے تھے انہیں ایک ہفتے کے اندر پرانی سطح پر بحال کریں۔ عدالت کی جانب سے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا گیا۔ جبکہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ فیصلہ چیف جسٹس عمر عطابندیال نے پڑھ کر سنایا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میںجسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے2022نیب میں نیب قانون میں ہونے والی کے خلاف دائر درخواست منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 شقوں کو کالعدم قرار دے دیا جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ کی جانب سے اختلافی نوٹ بھی لکھا گیا ہے۔عدالت کی جانب سے جمعہ کے روز ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ نیب ترامیم کے خلاف چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دن سوا12بجے فیصلہ سنائے گا۔ تاہم چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ پورے 1بجے کمرہ عدالت میں داخل ہوا اور فیصلے کا آپریٹو حصہ پڑھ کرسنایا۔ چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہ کہ فیصلہ دو، ایک کی اکثریت سے سنایا جارہا ہے،جسٹس سید منصور علی شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عوامی عہدوں پر موجود شخصیات کے خلاف کیسز بحال کردیئے جبکہ نیب کو 50 کروڑ روپے سے کم مالیت کے کرپشن کیسز کی تحقیقات کی اجازت دے دی گئی ۔سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کی کچھ شقیں کالعدم قرار دی ہیں ، عدالت نے نیب کو 7 دن میں تمام ریکارڈ متعلقہ عدالتوں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں بے نامی کی تعریف سے متعلق نیب ترمیم اور  آمدن سے زائد اثاثوں کی تعریف تبدیل کرنے کی شق بھی کالعدم قرار دے دی گئی ، سپریم کورٹ نے مقدمہ ثابت کرنے کا بوجھ نیب پر ڈالنے کی شق بھی کالعدم قرار دے دی ۔عدالتی فیصلے میں کہاگیا ہے کہ500 ملین کی حد تک کے ریفرنس نیب دائرہ کار سے خارج قرار دینے کی شق کالعدم قرار دی جاتی ہے تاہم عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں سروس آف پاکستان کے خلاف ریفرنس فائل کرنے کی شق بحال رکھی ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ کالعدم قرار دی گئی شقوں کے تحت نیب قانون کے تحت کارروائی کرے، آمدن سے زیادہ اثاثہ جات والی ترامیم سرکاری افسران کی حد تک برقرار رہیں گی، پلی بارگین کے حوالے سے کی گئی نیب ترمیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں۔فیصلے میں احتساب عدالتوں کے نیب ترامیم کی روشنی میں دیے گئے احکامات کالعدم قرار دیے گئے ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں، عوامی عہدوں کے ریفرنس ختم ہونے سے متعلق نیب ترامیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں، نیب ترامیم کے سیکشن 10 اور سیکشن14 کی پہلی ترمیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں۔عدالت نے 50 کروڑ کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کردئیے اور کہا کہ تمام ختم انکوائریز، کیسز بحال کیے جاتے ہیں، تمام کیسز نیب عدالتوں اور احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کیے جائیں۔ عدالت نے نیب کو 7 دن میں تمام ریکارڈ متعلقہ عدالتوں کو بھیجنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ پلی بارگین کے حوالے سے کی گئی نیب ترمیم کالعدم قرار دی جاتی ہیں، احتساب عدالتوں کے نیب ترامیم کی روشنی میں دئیے گئے احکامات کالعدم قرار دئیے جاتے ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نیب ترامیم سے مفاد عامہ کے آئین میں درج حقوق متاثر ہوئے، نیب ترامیم کے تحت بند کی گئی تمام تحقیقات اور انکوائریز بحال کی جائیں۔فیصلہ سنائے جانے کے وقت صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابدشاہد زبیری، ایڈیشل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمان، سپیشل پراسیکیوٹر نیب ستارمحمد اعوان، پی ٹی آئی وکلاء شعیب احمد شاہین، توفیق آصف، نعیم حیدر پنجوتھا کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ جبکہ وکلاء اورصحافیوں کی بھی تعدادکمرہ عدالت میں موجود تھی۔ یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے 2022میں ہونے والی نیب ترامیم کے خلاف درخواست دائر کی تھی، سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر 53 سماعتیں کیں۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے 5 ستمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور اس حوالے سے جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا ریٹائرمنٹ سے پہلے اس اہم کیس کا شارٹ اینڈ سویٹ آرڈرسنا کر جائوں گا۔واضح رہے کہ جون 2022 میں چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی احتساب بیورو(نیب)آرڈیننس میں نیشنل اکانٹیبلٹی بیورو(سیکنڈ امینڈمنٹ)ایکٹ 2022 کے تحت کی گئی ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔فیصلے سے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے جعلی اکائونٹ کیسز واپس احتساب عدالت کو منتقل ہو جائیں گے اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ایل این جی کیس اسپیشل جج سینٹرل سے احتساب عدالت کو واپس منتقل ہوگا۔سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف زرداری اورسابق وزیر اعظم مخدوم سید یوسف رضا گیلانی کا توشہ خانہ کیس واپس احتساب عدالت کو منتقل ہوگا جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف نیب ریفرنس بھی واپس احتساب عدالت کو منتقل ہوگا۔ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرسلیم مانڈوی والا کے خلاف کڈنی ہل ریفرنس اورسابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس واپس احتساب عدالت کو منتقل ہوگا۔سابق وزیراعظم اورسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیسز بھی بحال ہوں گے۔نیب ترامیم کیس میں چیف جسٹس پاکستان کے پوچھے گئے سوال کا جواب حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے 9 ستمبر کو جمع کروایا تھا۔ تحریری جواب پانچ صفحات پر مشتمل تھا۔ چیف جسٹس پاکستان نے عدالتی معاون کے ذریعے سوال بھجوایا تھا۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے نیب ترامیم کے خلاف کیس میں فل کورٹ تشکیل دینے کی تجویز دی تھی۔