نیویارک،لندن ،میڈرڈ،پیرس ،روم (صباح نیوز)

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 27 لاکھ سے بڑھ گئی، ایک لاکھ 91 ہزار اموات ہو چکی ہیں، ترکی ایک لاکھ کیسز والا ساتواں ملک بن گیا جبکہ جرمنی ایک لاکھ صحت یاب شہریوں والا پہلا ملک ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پوری دنیا خطرناک وائرس کورونا کی لپیٹ میں ہے ،دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 27 لاکھ سے بڑھ گئی، 1 لاکھ 91 ہزار ہلاکتیں ہو چکیں  ،امریکا میں کورونا سے  ہلاکتوں کی تعداد50ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 8 لاکھ 86 ہزار 442 افراد عالمی وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔ ملک میں 45 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 10 فیصد سے بھی کم ہے۔ امریکا کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں کی سب سے بڑی تعداد اسپین میں ہے جہاں 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اٹلی میں ایک لاکھ 89 ہزار 973، فرانس میں ایک لاکھ 58 ہزار 183، جرمنی میں ایک لاکھ 53 ہزار 129، برطانیہ میں ایک لاکھ 38 ہزار 78 اور ترکی میں ایک لاکھ ایک ہزار 790 کورونا مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔جاپان میں اٹلی کے کروز شپ سے 91 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ چین میں گذشتہ ایک ہفتے سے کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔انڈونیشیا نے آج سے جون تک فضائی اور بحری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ میں ہونے والی آدھے سے زیادہ اموات کیئر ہومز میں ہوئی ہیں۔ جرمن چانسلر انجلا مرکل نے خبردار کیا ہے کہ وائرس کے ساتھ طویل عرصے کے لیے رہنا پڑ سکتا ہے۔