غزہ پر اسرائیلی حملے 24ویں روز بھی جاری، سینکڑوں فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 9ہزار سے زائد ہوگئی
وسطی غزہ میں دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی ، القدس اور الشفا ہسپتالوں کے اطراف میں اسرائیلی بمباری
ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف ہراس پھیل گیا ہے ، اندھادھند بمباری سے ہر طرف تباہی
اسرائیل کی جانب سے زمینی کارروائی تیز کئے جانے کے بعد غزہ میں شدید لڑائی جاری ہے،حماس
اسرائیل کا غزہ میں حماس کے 600ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعویٰ
غزہ( ویب نیوز)
غزہ پر اسرائیلی حملے 24ویں روز بھی جاری رہے،غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی افواج کی جارحیت میں شدت آگئی ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے زمینی کارروائی تیز کئے جانے کے بعد غزہ میں شدید لڑائی جاری ہے۔اسرائلی افواج کے تازہ حملوں میں سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 9ہزار سے زائد ہوگئی ہے ۔ وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی ،غزہ کے القدس ہسپتال کے اطراف میں اسرائیلی بمباری کی اطلاعات ہیں اور اس سے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف ہراس پھیل گیا ہے،اسرائیل نے غزہ میں حماس کے 600ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعویٰ کیا ہے۔ حماس نے کہا کہ وہ شمالی غزہ کے اندر اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ شدی لڑائی میں مصروف ہے جبکہ محصور باشندوں کو ایک بار پھر جنوبی علاقو ں کی جانب بھاگنے کے لیے خبردار کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے فوٹیج جاری کی جس میں ٹینکوں، پیدل فوجیوں اور توپوں کی بڑی تعداد کو فلسطینی سرزمین پر کام کرتے دکھایا گیا تھا۔انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے مطالبات، عالمی سطح پر غم و غصہ اور غزہ میں یرغمالیوں کو لاحق ممکنہ خطرے کے باوجود اسرائیل نے حماس کے خلاف جنگ کو مزید بڑھا دیا ہے۔ نہتے شہریوں پر اسرائیلی زمینی ، فضائی اور بحری محاذ پرمسلسل حملے جاری ہیں ، اندھادھند بمباری کے باعث ہر طرف تباہی ہے، رہائشی عمارتیں ، سکول ، ہسپتال اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی ، مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے، اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے قریب بم برسا دئیے، القدس ہسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ الشفا ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سربراہ نے اس صورتحال کو تباہ کن قراردیا ہے اور کہا ہے کہ تقریبا 55 ہزار بے گھر افراد اب الشفا ہسپتال کے ہر مربع میٹر پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے دعوی کیا ہے کہ ہم نے غزہ میں حماس کے 600 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ میں زمینی آپریشن میں توسیع کی جا رہی ہے، حملوں میں عمارتوں میں چھپے حماس کے درجنوں جنگجو مارے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے اسرائیل کے حملوں میں غزہ میں بچے ایک تباہ کن صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں جنگ کے باعث تباہ کن صورتحال ہے اور ایسے میں بچوں کو فراہم کرنے کے لیے نمکین پانی ہی دستیاب ہے۔ یونیسیف نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر پانی کی کمی غیر معمولی حد تک پہنچ گئی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ غمہ کا رہائشی ان کا ایک سٹاف ممبر بھی اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کے لیے جدوجہد کرنے والوں میں شامل ہے جس نے بتایا ہے کہ وہ خود اور اس کے بچے نمکین پانی پینے پر مجبور ہیں، یونیسیف کے مطابق سٹاف ممبر کا بچہ مسلسل پوچھ رہا ہے کہ وہ پہلے کی طرح "نارمل” پانی کیوں نہیں پیتے!یونیسیف کے ترجمان ٹوبی فریکر نے کہا کہ امداد غمہ کی پٹی میں داخل تو ہو رہی ہے، لیکن یہ سب سے نچلی سطح پر ہے، اور جب ہم زمینی صورتحال کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں اس سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہا، ہمیں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ ہر روز بچے مر رہے ہیں۔ ہمیں قتل کو روکنا چاہیے اور بچوں کے زندگی کے حق کا تحفظ کرنا چاہیے۔