راولپنڈی(صباح نیوز)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا میں مبتلا پی آئی اے عملے کا سی ایم ایچ میں علاج ہو گا۔ دوسری جانب پاک فضائیہ نے پی آئی اے کے عملے کیلئے سی 130 طیاروں میں نشستیں دینے کا اعلان کیا ہے، اندرون ملک پروازیں نہ ہونے سے پی آئی اے کا فضائی عملہ مختلف شہروں میں پھنس گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان نے پی آئی اے کی مدد کا اعلان کر دیا جس پر پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مشکل گھڑی میں ملکی اداروں کا باہمی تعاون قومی طاقت کا سبب بنتا ہے، پی آئی اے دیارغیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پروازیں چلا رہا ہے، ابھی تک 24 ہزار سے زائد افراد پی آئی اے کے ذریعے اپنے گھروں کو پہنچ چکے، ہزاروں لوگوں کی فریادیں موصول ہوئی ہیں جو اب بھی پی آئی اے کے منتظرہیں۔ارشد ملک نے مزید کہا کہ پی آئی اے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک حکومت کی اجازت سے آپریشن جاری رکھے گا، پی آئی اے اپنوں کے جسد خاکی بھی واپس پہنچائے گا جو دیارغیر میں انتقال کرگئے۔