انٹرا پارٹی انتخاب کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔ترجمان تحریک انصاف
امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخاب جمہوریت سے اس کی گہری وابستگی اور قانون کی حکمرانی پر غیر متزلزل یقین کی واضح علامت ہے،سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار عمران خان ہیں۔ترجمان تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی میں جمہوری اقدار کو متعارف اور مستحکم کرنے کے حوالے سے جتنی کوششیں بانی چئیرمین تحریک انصاف کے کریڈٹ پر ہیں دیگر جماعتوں میں ان کا عشرِ عشِیر بھی نظر نہیں آتا،تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے صحیح معنوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کی متعدد کوششیں کیں،تحریک انصاف نے گزشتہ سال بھی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروائے،قانون کے احترام کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے کے باوجود انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف نے موروثی سیاست کو دفن کرتے ہوئے پارٹی کے ایک محنتی، وفا شعار اور قابل کارکن کو بطور چئیرمین نامزد کر کے جمہوریت پسندی کی ایک انمول نظیر قائم کی ہے، انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر چکی ہے،تحریک انصاف کو سازش اور ظلم سے سیاست و انتخابی عمل سے باہر کرنے کے خواہاں عناصر نے ایک مرتبہ پھر انٹرا پارٹی انتخاب کے خلاف اپنے ٹاٹوں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان میں اتارا ہے،پہلے کی طرح یہ سازشیں بھی ناکام ہوں گی اور تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی حدود میں رہتے ہوئے اپنی منزل کی جانب بڑھے گی۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ دہائیوں سے ملکی سیاست پر قابض سیاسی جماعتوں کے برعکس قانون کے مطابق ایک بار پھر انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی بقاوترقی اور قانون کی حکمرانی سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کو ثابت کریں گے۔ انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی شروع کردی گئی ہے ۔بانی چیئرمین عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ۔کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کئے ۔سینئر مرکزی رہنما احمد اویس تجویز کنندہ ہیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن چیئرمین کے انتخاب کیلئے تائید کنندہ ہیں ۔چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے