سلمان اکرم راجہ نے خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
تحریک انصاف 1996 سے الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے، درخواست گزار این اے 128 سے پی ٹی آئی سے حمایت یافتہ امیدوار ہے
عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدوار ڈیکلیئر کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اور بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے،درخواست
لاہور (ویب نیوز)
گزشتہ روز قرآن پاک پر بانی پی ٹی آئی سے وفاداری کا حلف اٹھانے والے سلمان اکرم راجہ نے خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔سلمان اکرم راجہ نے وکیل سمیرا کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف 1996 سے الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے، درخواست گزار این اے 128 سے پی ٹی آئی سے حمایت یافتہ امیدوار ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرنے پر انتخابی نشان واپس لیا گیا ہے پارٹی تاحال موجود ہے، الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں بطور آزاد امیدوار ڈیکلیئر کردیا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدوار ڈیکلیئر کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اور بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے۔