
وفاقی وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پرگامزن ہے، فائیوجی انٹرنیٹ سروس سے ڈیجیٹل نیشن کی راہ ہموار ہوگی، آئندہ ہفتےسے چند شہروں میں فائیوجی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوجائے گا، سپیکٹرم کی کل مقدارساڑھے سات ہزار میگا ہرٹزسے بڑھ گئی ہے۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان فائیو جی کے دور میں داخل ہو گیا ہے، فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی اہم سنگ میل ہے جس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے راستے کھل گئے، ہم جدید دور کی جانب گامزن ہیں، ہماری معیشت اب مستحکم ہو رہی ہے، ٹیکنالوجی کو بھرپور انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عصر حاضر کی سلامتی میں بھی ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے، 5 جی سپیکٹرم سے ہم ٹیکنالوجی کے نئے میدان میں داخل ہو رہے ہیں، فائیو سپیکٹرم وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ نیلامی کے پہلے مرحلے میں سپیکٹرم کے بینڈز کی خریداری مکمل ہوئی، یہ ایک تاریخی نیلامی تھی، دوسرے مرحلے میں آج بینڈز کی پوزیشنگ کا عمل مکمل ہوا، اتنا زیادہ سپیکٹرم پہلے کبھی نیلام نہیں ہوا، پاکستان ابھی تک 274 میگاہرٹز سپیکٹرم پر چل رہا تھا، پاکستان کم ترین سپیکٹرم رکھنے والے ممالک میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی پوزیشن کم ترین سے درمیان میں آگئی ہے، پورے پاکستان خاص طور پر نوجوانوں کیلئے خوشی کی بات ہے، زراعت، صحت ہر شعبے کیلئے ٹیکنالوجی کی بہت ضرورت ہے، پاکستان کی ٹریڈ اور معیشت کیلئے بھی ٹیکنالوجی ضروری ہے، سب سے زیادہ ٹیکنالوجی کی ضرورت سکیورٹی کیلئے ہے، گزشتہ سال معرکہ حق میں ایک بڑا حصہ سائبر وار کا تھا جو پاکستان نے جیتا۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کے مطابق 2600 میگاہرٹز بینڈ کی پوزیشننگ کے لیے بولی3 راؤنڈز میں مکمل ہوئی جبکہ 3500 میگاہرٹز بینڈ کی پوزیشننگ کے لیے بولی 5 راؤنڈز میں مکمل کی گئی۔ دونوں بینڈز کی پوزیشننگ کے نتائج کا اعلان کچھ دیر میں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی نیلامی سے مجموعی طور پر 510 ملین ڈالر ریونیو حاصل ہوگا جو پاکستانی روپے میں تقریباً 142 ارب روپے بنتا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے نوید بٹ نے کہا کہ حکومت نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے اب ٹیلی کام کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر سروسز فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام کمپنیوں نے اس آکشن میں بھرپور حصہ لیا ہے جس کے بعد پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ منگل کو پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا تھا، جس میں کل 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم فروخت ہوئے۔
پی ٹی اے کے مطابق 2300 اور 2600 میگا ہرٹز بینڈز کے تمام لاٹس بک ہوگئے ہیں، جبکہ 3500 میگا ہرٹز کے 28 لاٹس میں سے 22 فروخت ہوئے، اس نیلامی میں مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے حصہ لیتے ہوئے سپیکٹرم خریدا، جس میں زونگ نے 110 میگا ہرٹز، یوفون نے 180 میگا ہرٹز اور جاز نے 190 میگا ہرٹز خریدے۔





