پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026، عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت کے لیے تیاریاں تیز، دفتر خارجہ میں سفیروں اور سفارتکاروں کو بریفنگ
معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، فورم کے اہم سیشنز اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، وزرائ، سفارتکاروں، سرمایہ کاروں اور صنعتی رہنماؤں کی شرکت متوقع
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے انعقاد سے قبل وفاقی دارالحکومت میں تعینات سفیروں اور سفارتکاروں کودفتر خارجہ میں خصوصی بریفنگ دی گئی، جس میں فورم کے اغراض و مقاصد، اہم موضوعاتی سیشنز، پروگرام کی تفصیلات اور شرکت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (PMIF26) کے حوالے سے قبل از وقت بریفنگ کا انعقاد دفتر خارجہ میں کیا گیا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں مقیم سفیروں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس کا افتتاح سفیر ابرار ہاشمی، ایڈیشنل سیکرٹری (ایس آئی ایف سی و اقتصادی سفارت کاری) نے کیا۔ اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مسعود احمد، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک اور ان کی ٹیم نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے تصور، اہم موضوعاتی اجلاسوں، پروگرام کے خاکے، مقام، رجسٹریشن اور شرکت کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ فورم میں وزرائ، سفارتکاروں، سرمایہ کاروں اور صنعتی شعبے کے اہم رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں فورم کے تحت منعقد ہونے والی نمائش (ایکسپو) اور حکومت سے حکومت (G2G) اور حکومت سے کاروباری اداروں (G2B) کے درمیان روابط اور ملاقاتوں کے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کا مقصد سفارتی برادری کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرنا اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی شرکاء کی شرکت کو آسان بنانا تھا





