مریم نواز اور سالک حسین کے درمیان لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا

مریم نواز اور سالک حسین کے درمیان لفظی تنازع شدت اختیار کر گیا
whatsapp sharing button

مریم نواز کے بیان پر وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انسان کو غرور اور تکبر سے بچائے، انسان کے پاس جب اختیار آ جائے تو اسے مزید عاجز اور منکسر المزاج رہنا چاہیے۔

چودھری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے سابقہ بیان پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔

دوسری جانب انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔

ہونہار سکالر شپ اور طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ چوہدری سالک وفاقی وزیر ہیں، الزام لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے جو گجرات شہر دیا، وہاں میری لیڈ کروزر بارش کے پانی میں ڈوب گئی، تکلیف اس بات کی ہے کہ میں نے ڈی سی گجرات کو تبدیل کیا ہے، جو لوگ میرے گرنے کے منتظر تھے، آج ترقی دیکھ کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جس طرح گھر کو صاف رکھتے ہیں، اسی طرح اپنے ملک اور شہر کو بھی صاف رکھنا ہے، کوئی کچھ بھی کہے، لیکن ملک کے خلاف ہتھیار نہ اٹھانا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بات کرپشن کی نہیں، آپ وفاقی وزیر ہیں الزام نہ لگائیں اور ثبوت ہیں تو پیش کریں، جو سفارش پر آتا ہے، وہ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔