کراچی: (بیورو چیف ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، حکومت کو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا اور سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میڈیا معاشرے کا چیک اینڈ بیلنس ہے، صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آواز اور قلم میں حکومتیں بنانے اور گرانے کی طاقت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اختلافِ رائے کا جواب گولی، بندوق اور دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے، اپوزیشن پر تنقید کی بنیاد پر اسے محب وطن نہ ہونے کا الزام دینا ناانصافی ہے، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سسٹم خودتباہ نہیں ہوا اسے تباہ کیا گیا ہے، سسٹم کا جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ اس بیماری کا علاج نہیں، ری سیٹ کرنے کیلئے غیرسیاسی نہیں سیاسی ہونا پڑے گا، سسٹم کو پارلیمان کے ذریعے ری سیٹ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جتنا بھی برا لگے لیکن مولانا فضل الرحمان کی باتوں کا جواب دیں، مولانا فضل الرحمان کے بغیر آپ آج کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے، مولانا اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا ہے، اگر چاہتے ہیں کہ پارلیمان کام کرے تو انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، آخر مزید کتنا انتقام لینا ہے؟بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل چلا جاتا ہے، اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، خوف ہے ان حالات میں پاکستان کے عوام کا کیا حال ہوگا، سیاستدان عوامی مسائل بھول چکے ہیں باقی ہر موضوع یاد ہے۔ محسن نقوی کیا کرنا چاہتے ہیں، معلوم نہیں، پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، نئے صوبوں کے قیام پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی، چیٔرمین پیپلز پارٹیانہوں نے کہا کہ محسن نقوی کیا کرنا چاہتے ہیں، انہیں معلوم نہیں، نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، تاہم پارٹی پنجاب میں حکومت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی اور ہر غیرآئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ کراچی پریس کلب میں ”میٹ دی پریس” سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور انتظامی صورت حال پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے باقاعدہ تباہ کروایا گیا ہے، اس عمل میں ان کا اپنا بھی ہاتھ ہے اور وہ خود کو بھی اس کا قصوروار سمجھتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرکے انہیں درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے، کیونکہ سیاستدان عوام کے حقیقی نمائندے ہیں۔ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدالتوں، میڈیا اور دیگر ریاستی اداروں کو اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ سیاسی نظام کی اصلاح کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے اور تمام اداروں کو مل بیٹھ کر یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ اپنی کارکردگی اور عوامی اعتماد کیسے بہتر بنا سکتے ہیں۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے ملک کی معاشی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات اور مہنگائی کا طوفان کبھی نہیں دیکھا۔ غربت اور بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں معاشی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہیں ذاتی طور پر بھی اس بات کی فکر ہے کہ موجودہ حالات میں غریب، پسماندہ اور محنت کش طبقے کا کیا بنے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگ بجلی کے بل دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتے ہیں، سفید پوش خاندانوں کے لیے گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ عوام کے سامنے یہ سوال کھڑا ہے کہ بچوں کی تعلیمی فیس ادا کریں یا دو وقت کی روٹی کا بندوبست کریں، بزرگوں کا علاج کروائیں یا گھر کی بنیادی ضروریات پوری کریں۔ ان کے بقول سیاستدان ہر موضوع پر بات کرتے ہیں لیکن عوام کے اصل مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی ایک سیاسی حقیقت اور اہم سیاسی اسٹیک ہولڈر ہیں، انہیں پسند کیا جائے یا نہ کیا جائے، ملک کو ان کے بغیر نہیں چلایا جاسکتا۔ حکومت کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی اور عمران خان کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا اور اپوزیشن کے نظام سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ پارلیمان میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، حکومت کو اختلافی آوازوں کا جواب سیاسی انداز میں دینا چاہیے، نہ کہ دھمکیوں، گرفتاریوں یا قانونی کارروائیوں کے ذریعے۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنا اور اس کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ حکومت کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ اپوزیشن اس کے ہر اقدام کی حمایت کرے گی۔ پارلیمانی نظام حکومت اور اپوزیشن دونوں کے کردار سے چلتا ہے، اس لیے اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا حکومت سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء کے انتخابات میں دھاندلی کے معاملے کو حل کرنا سیاسی نظام کے ری سیٹ کا پہلا قدم ہونا چاہیے۔ ان کے بقول یہ واحد الیکشن ہے جس میں اپوزیشن ہی نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے بھی دھاندلی کے حوالے سے اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ انتخابی عمل پر اعتماد بحال کرنے کے لیے ان اعتراضات کو سنجیدگی سے زیر بحث لانا اور انتخابی اصلاحات کرنا ضروری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور ہم سب اس بات کے گواہ ہیں کہ اسے کس مقصد کے لیے بنایا گیا تھا۔ اگر سیاسی نظام کو بہتر بنانا اور پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے تو انتقامی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پاکستان میں کسی کو سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے، سیاسی قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو بھی حل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1947ء سے ہر وزیراعظم کو جیل بھیجنے کی روایت رہی ہے، آج نہیں تو کل سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے حق کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مولانا جیسے سینئر سیاستدان یا اپوزیشن اگر حکومت پر تنقید کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔ اگر حکومت کو ان کا انداز یا لب و لہجہ پسند نہیں آیا تو یہی جمہوریت کی خوبصورتی ہے کہ اختلافِ رائے کو برداشت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی تقریر اور مؤقف کا جواب سیاسی انداز میں دینا چاہیے۔ اختلافِ رائے کے جواب میں نیب کارروائیوں، گرفتاریوں کی کوششوں یا دیگر قانونی اقدامات کا سہارا لینے سے پارلیمانی نظام مزید کمزور ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تنقید کے بعد ہی حکومت کو ان کے بیٹے کے خلاف نیب کیسز اور مولانا کے گھر سے متعلق تجاوزات کا معاملہ یاد آگیا، یہی تو نظام کی تباہی کی وجوہات ہیں اور حکومت خود ایسے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جدوجہد میں مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت میں جو بھی شخص جس عہدے پر موجود ہے، اسے سوچنا چاہیے کہ پی ڈی ایم کے وقت مولانا فضل الرحمان نے جو جدوجہد اور کردار ادا کیا، اس کے بغیر آج بہت سے لوگ ان کرسیوں پر موجود نہ ہوتے۔ حکومت کو ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ محسن نقوی کیا کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر پارلیمان تو دور، وفاقی کابینہ میں بھی بحث نہیں ہوئی، لیکن وفاقی وزیر خود ہی نئے صوبے بنانے کی بات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے پوچھا جائے گا کہ ان کے وزیر ان کے کنٹرول میں کیوں نہیں ہیں۔ جب وزیر ہی وزیراعظم کو سبوتاژ کروائیں گے تو پھر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ نظام کیوں ناکام ہوا۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئینی اور جمہوری طریقے سے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے اور یہ بات پارٹی کے منشور کا بھی حصہ ہے، لیکن زور زبردستی یا غیرآئینی طریقے سے نئے صوبے بنانے کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے ریفرنڈم کی تجویز پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم غیرجمہوری مقاصد کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، اس لیے ریفرنڈم جیسے راستوں سے غیرآئینی اقدام کی کوشش کی مخالفت کی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ نئے صوبوں کے اصولی طور پر مخالف نہیں بلکہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کے خلاف ہیں۔ سندھ کی جبری تقسیم کے نتیجے میں صوبے میں خونریزی کا خدشہ ہے، عام آدمی کے ہتھیار اٹھانے اور بھائی کے ہاتھوں بھائی کے قتل کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کسی قسم کی جبری تقسیم نہیں دیکھنا چاہتی اور ہر غیرآئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر کہا کہ اسے مستقل حل قرار دینے کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لیے تیار ہے تو اس سے دوبارہ بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور اپوزیشن کو مل کر دہشت گردی کے خلاف ذمہ داری اٹھانی چاہیے اور پی ٹی آئی کو بھی مشترکہ کوششوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات میں پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات درست کرنے اور سیاسی طور پر متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ بیرونی چیلنجز اور دنیا کی سازشوں کا مل کر مقابلہ کیا جاسکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی محنت کے باوجود انہیں روزگار سے محروم کیا جارہا ہے۔ کراچی کے ایک نجی ٹی وی چینل سے 25 صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ میڈیا اور صحافی آج پہلے سے زیادہ کمزور ہیں، جبکہ میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہد نسل در نسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ صحافی عوام کے مسائل اجاگر کرکے حکومتوں کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ قلم کی طاقت سب سے بڑی ہے اور صحافیوں کے پاس موجود یہ طاقت گولی اور ہتھیار سے زیادہ مؤثر ہے۔ چیٔرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میڈیا کو مکمل آزادی ملنی چاہیے تاکہ وہ عوامی مسائل اور حقائق سامنے لاسکے۔ صحافی سچ بولنے سے پہلے قانونی کارروائی کے خوف میں مبتلا ہیں اور پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث میڈیا پر دباؤ بڑھا ہے۔ میڈیا کو آدھی بات کے بجائے مکمل سچ بیان کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ انہوں نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز کو پارلیمان اور سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہد کرے گی اور صحافیوں کی آواز بنے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کو تاریخی ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی عوام کے مسائل پر حکومتوں کو توجہ دلاتے ہیں اور ان کے پاس موجود قلم کی طاقت کسی بھی ہتھیار سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کی خوبصورتی اور طاقت ہے۔ اختلاف کے بعد درمیانی راستہ نکالنا ہی جمہوریت ہے، سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو اس کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر عوامی مسائل کے حل، اداروں کی اصلاح اور سیاسی نظام پر اعتماد کی بحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔