صدرمملکت ،وزیراعظم ، عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سمیت سیاسی رہنماؤں کاحادثے میں ہلاکتوں پر دکھ کااظہار
ملتان /مظفرگڑھ( خصو صی رپورٹ)دریائے چناب میں شیرشاہ بند کے مقام پر باراتیوں کی کشتی الٹ گئی، دولہے اور پاک فوج کے نائب صویبدار سمیت 17افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں،جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے،باراتیوں کا تعلق مظفرگڑھ کے علاقے سنکی سے تھا ،صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔ اتوار کو ملتان کے قریب دریائے چناب میں شیر شاہ کے قریب طغیانی کے باعث باراتیوں سے بھری کشتی الٹ گئی۔ کشتی الٹنے سے 40 سے زائد افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو رضاکاروں نے 22 افراد کو بچا لیا تاہم دولہے سمیت 15 افراد لاپتہ ہوگئے۔ سرچ آپریشن کے دوران اب تک 12 لاشیں نکال لی گئیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک دلہا اور 2 بچے بھی شامل تھے اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کو نشترہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ۔کشتی میں سوار 20 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھااوروہ مظفرگڑھ کے علاقے سنکی سے تھے ۔ ڈوبنے والوں میں سے بعض نے تو دریا میں لگے بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر جان بچا لی تاہم پانی میں ڈوب کر دولہا زاہد سمیت12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 17 کو پانی سے نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پانی سے نکالے جانے والوں میں بچے ،بوڑھے اور بے ہوش حالت میں دو خواتین بھی شامل تھیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے نائب صوبیدار عنایت شہریوں کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔