ملتان …… تحریک انصاف کے منحرف صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جوڈیشل ایکٹوزم کا دور ختم ہو چکا ہے ، ایک آدمی بھی جرات کا مظاہر ہ کرے تو کوئی بھی مارشل نہیں لگا سکتا، ، عمران خان اور طاہر القادری کے طرز عمل سے نااہل حکمران مزید مضبوط ہوں گے ،کسی سے ٹکٹ نہیں مانگا شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ (ن) لیگ کے بھی ترجمان بنے ہوئے ہیں انہیں چاہیئے کہ وہ اپنے گھر کی ترجمانی تک محدود رہیں، ملک کی کشتی ڈوبنے والی ہے ،آنے والے دنوں میں شوگر ملوں والے حکومت چلائیں گے ۔وہ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ آئین نے جوڈیشل ایکٹوزم کا راستہ نہیں بتایا اس لئے اب یہ قصہ ختم ہو چکا ہے ملک میں اب مارشل لاء کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا دھرنوں کے خلاف نہیں ہوں عمران خان کا اب بھی حامی مگر ان کے سیاسی عزائم سے اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو طریقہ کار اپنایا ہے یہ ملک چلانے کے لئے صحیح نہیں ہے اس حکمران مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اب ن لیگ کے ترجمان بنے ہوئے ہیں میں نے کسی سے ٹکٹ نہیں مانگا ا ن کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے اس لئے ان کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیئے تھی ان کا چاہیئے کہ وہ اپنے گھر کے ترجمان بنیں ساری دنیا کی ترجمانی نہ کریں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے بارے حلقے کے عوام کے ساتھ مشاورت جاری ہے جلد ہی اس بارے فیصلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کراچی جانا چاہیئے کیونکہ حکومت نے اب تک کوئی ایسی کارکردگی کا مطاہرہ نہیں کیا جس کا ذکر کیا جائے اس لئے حکومت پر پریشر پڑنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کشتی ڈوب رہی ہے اس کو بھی بچانا چاہیئے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ازالہ کرنے اور آئندہ سیلاب سے بچنے کے لئے کوئی مستقل حل تلاش کیا جائے۔ قبل ازیں سپارک کے زیر اہتمام بھٹہ مزدوروں کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ ڈائیلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم سب بھٹہ مزدوروں کی طرح آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں پورے ملک میں جو طاقت ور ہے وہ کمزور کا خون چوس رہا ہے انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں شوگر ملوں والے ہی حکومت چلائیں گے جس کی شوگر نہیں ہوگی وہ سیاست نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا لوگوں اپنی تمام طاقت ملک و قوم کے لئے لگانی ہو گی اگر ایک آدمی بھی کھڑا ہو جائے تو وہ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے اور کسی میں جرات بھی نہ ہوگی کہ وہ ملک میں مارشل لاء لگا سکے اس لئے عوام کو چاہئے کہ وہ زندہ پاکستان کے لئے آگے آئیں ۔