عسکری قیادت کا ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں،جنرل قمر جاوید باجوہ

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا،سربراہ پاک فضائیہ

راولپنڈی(ویب  نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور تمام سروسز چیفس نے پاکستان کے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، ملکی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اللہ ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی ڈاکٹر عبد القدیرخان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ ZS