صدر ،وزیراعظم سمیت سیاسی شخصیات کا ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

ڈاکٹر عبد القدیرخان کی خدمات کو قوم کبھی نہیں بھولے گی ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

 ڈاکٹرعبد القدیر خان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،وزیراعظم عمران خان

ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے دل و جان سے مادر وطن کی خدمت کی،شہباز شریف

اسلام آباد (ویب  نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی شخصیات نے محسن پاکستان ،ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا جان کر بہت دکھ ہوا، ان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا تھا۔ انہوں نے جوہری تخفیف کو فروغ دینے میں ہماری بہت مدد کی، ایک شکر گزار قوم اس سلسلے میں ان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی ۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کا مثالی کردار ہے،

ان کے انتقال پر ہر محب وطن پاکستانی کی آنکھ اشکبار ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملک کے لئے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان قوم کا اثاثہ تھے ، ان کی ملک کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی خدمات ان گنت ہیں،خدا غریق رحمت کرے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بھی ڈاکٹر ڈاکٹرعبدالقدیرخان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان کا انتقال قومی سانحہ سے کم نہیں ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر ہر دل افسردہ ہے، انہوں نے عملی طور پر پاکستان کو دفاعی طاقت بنایا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ  قوم ایک سچے محسن سے محروم ہو گئی ہے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے دل و جان سے مادر وطن کی خدمت کی۔انہوں نے کہا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار مرکزی ہے۔ اللہ ان کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسن پاکستان ہیں۔ ملک کو ایٹمی پروگرام دیکر ڈاکٹر عبدلقدیر خان نے قوم پر احسان کیا۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر کی توفیق دے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر  دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم محسن پاکستان سے محروم ہو گئی۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں اہم ترین کردار ادا کیا، اللہ تعالی انھیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر عبدلقدیر نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لیے کام کیا۔ پاکستان نے ایٹم بم بنا کر دنیا کو حیران کر دیا تھا۔